
بی سی سی آئی کاسخت اقدامات ، کھلاڑیوں کو پاس کرنا ہوگا نیا فٹنس ٹیسٹ

نئی دہلی ،23؍جنوری (اردودنیا.ان) آسٹریلیائی دورے پر ہندوستانی ٹیم ٹیسٹ سیریز میں 2-1 سے جیتنے میں کامیاب رہی۔ لیکن اس دورے پر اشون ، بمراہ جیسے اسٹار کھلاڑیوں کی انجری کے سبب ٹیم انڈیا کو بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیائی دورے سے سبق لیتے ہوئے بی سی سی آئی نے اب کھلاڑیوں کے لئے نئے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کا بڑا چیلنج کھڑا کردیا ہے۔
دورہ انگلینڈ سے پہلے کھلاڑیوں کو ٹائم ٹرائل پاس کرنا ہوتا ہے۔ ٹیم انڈیا کے لئے یو یو ٹیسٹ سے گزرنا پہلے کی طرح نافذ رہے گا۔بی سی سی آئی نے بورڈ کے ساتھ معاہدے کرنے والے کھلاڑیوں کے لئے ٹائم ٹرائل ٹیسٹ نافذکیا ہے۔ معاہدے والے تمام کھلاڑیوں کے لئے یہ ٹیسٹ پاس کرنا انتہائی ضروری ہے۔ ٹائن ٹرائل ٹیسٹ کے ذریعے کھلاڑیوں کی رفتار کی جانچ کی جائے گی۔
تیز گیندباز وں کو ٹائم ٹرائل ٹیسٹ میں 2 کلومیٹر فاصلہ 8 منٹ 15 سیکنڈ میں مکمل کرنا ہوگا۔ اسپن گیندبازوںاور دیگرکھلاڑیوں کے لئے 2 کلومیٹر کا فاصلہ 8 منٹ 30 سیکنڈ میں مکمل کرنے کا قانون بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یو یو ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کو 17.1 اسکور حاصل کرناہوگا ۔آسٹریلیائی سیریز سے واپس آنے والے کھلاڑیوں کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل ٹائم ٹرائل دینا نہیں ہوگا۔
لیکن جن کھلاڑیوں کا انتخاب محدود اوور سیریز کے لئے کیا جائے گا ، ان کے لئے ٹائم ٹرائل ٹیسٹ پاس کرنا بہت ضروری ہے۔واضح رہے کہ آسٹریلیائی دورے پر کھلاڑیوں کو زخمی ہونے کی وجہ سے بی سی سی آئی نشانے پر آگیاتھا۔ بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی فٹنس پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔



