
تلنگانہ:16/جنورئ (ایجنسیاں) تلنگانہ میں آج 139 ٹیکہ اندازی مراکز میں کورونا ٹیکہ اندازی پروگرام کا آغاز کیاگیا۔سکندرآباد کے گاندھی اسپتال میں اس پروگرام کا آغازمرکزی مملکتی وزیرداخلہ جی کشن ریڈی،تلنگانہ کے وزیر صحت ای راجندر، ریاستی چیف سکریٹری سومیش کمارنے کیا۔
ڈاکٹرس نے سینی ٹیشن ورکرس کو پہلا ٹیکہ دیا۔گورنر تمیلی سائی سونداراجن نے حیدرآباد کے نمس میں اس پروگرام کا آغاز کیا۔تلک نگر علاقہ کے یوپی ایچ سی میں وزیرانفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے اس ٹیکہ پروگرام کا آغاز کیا جبکہ بقیہ اضلاع میں وزرا، ارکان اسمبلی نے اس پروگرام کا آغازکیا۔ ہر مرکز میں 130 افراد کو یہ ٹیکہ دیا جارہا ہے ۔ ٹیکہ انداز ی کے پروگرام کے لئے مراکز پر سینئر ڈاکٹرس کو بھی تعینات کیا گیاہے ۔ٹیکہ اندازی کی مہم کے پہلے دن استفادہ کنندگان کی اکثریت نگہداشت صحت کے مراکز کے اسٹاف اور سینی ٹیشن کے شعبوں پر مشتمل ہے ۔
نگہداشت صحت کے تقریبا چار ہزار ورکرس کو پہلے دن یہ ٹیکہ دیاجارہا ہے ۔ ریاستوں کو مرکزی حکومت سے یہ ہدایات موصول ہوئی تھیں کہ سینی ٹیشن ورکرس کو پہلے ٹیکے دیئے جائیں کیوں کہ وہ کوویڈ19- کے مثبت مریضوں کی دیکھ بھال میں سب سے آگے تھے ۔
تلنگانہ میں دوسرے مرحلہ میں ٹیکہ کووی شیلڈ پرائیویٹ اسپتالوں میں بھی دستیاب رہے گا۔ ریاست کے 33 اضلاع کے لئے 5527 کوویڈ 19- شیل ویکسین کٹس کا پہلا بیچ تقسیم کیاگیاتھا۔ ٹیکہ اندازی کے مرکز آنے والے افراد کے بخار کا معائنہ کیا گیا۔ اس کے بعد ہی انہیں مرکز میں اندر آنے کی اجازت دی گئی۔
ریاست بھر کے اسپتالوں میں آئی سی یو بستر تیار رکھے گئے تھے تاکہ اس ٹیکہ کو لینے کے سبب صحت کے مسائل سے کسی کے بھی دوچار ہونے پر ان کو فوری طور پر علاج فراہم کیا جاسکے ۔نارسنگی رورل ہیلت سنٹر کی اے این ایم جیہ اماں کو پہلا اور اسی سنٹر کی ہیلت سوپروائزراناپورنا کو دوسرا ٹیکہ دیا گیا۔
جیہ اماں نے بتایا کہ 139 سنٹرس میں ٹیکہ لینے والوں میں اس کا نام پہلا آیا ہے اس پر وہ فخر محسوس کررہی ہیں اور خوشی بھی ہورہی ہے ۔ حاملہ خواتین، 18 سال سے کم عمر بچوں اور دودھ پلانے والی ماوں کو کورونا کا ٹیکہ نہیں دیاگیا۔ ساتھ ہی ٹیکوں، غذائی اشیاء کی الرجی، انجکٹیبل تھراپیز والوں کو بھی یہ ٹیکے نہیں دیئے گئے ۔
اس سلسلہ میں وزارت صحت و خاندانی بہبود نے تمام ریاستوں کے لئے کووی شیلڈ اور کو۔ویکسین ٹیکوں کے اشاروں اور تضادات پر مشتمل چیک لسٹ جاری کی ہے ۔ ہر ضلع میں 2 تا 3 ٹیکے دینے کے سنٹرس قائم کئے گئے تھے ۔
18 جنوری کو ریاست بھر میں 1200 سنٹرس پر کورونا کے ٹیکے دیئے جائیں گے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ 22 جنوری تک محکمہ صحت کے تمام اہلکاروں کو ٹیکہ دینے کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ اس کے بعد فرنٹ لائن ورکر س کو ٹیکے دیئے جائیں گے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ 16 جنوری کو شروع ٹیکہ اندازی کے پروگرام کو ایک ہفتہ کے اندر ہی مکمل کرلیا جائے گا۔
ہفتہ میں 4 دن ٹیکے دیئے جائیں گے جن میں پیر، منگل، جمعرات اور جمعہ شام ہیں جبکہ بدھ اور ہفتہ کے دن سرکاری اسپتالوں میں معمول کے جو ٹیکے دیئے جاتے ہیں اس کا عمل جاری رہے گا۔ کورونا کا پہلا ٹیکہ لینے کے 28 دن بعد دوسرا ٹیکہ دیا جائے گا۔ اس طرح 16 فروری سے دوسرا خوراک دیا جائے گا۔ مارچ کے تیسرے ہفتہ تک محکمہ صحت اور فرنٹ لائن ورکرس کو دو مرحلوں میں دو خوراک دے دی جائے گی۔



