
تلنگانہ حکومت آئندہ چار برسوں میں الکٹرانک کے شعبہ میں تین لاکھ ملازمتوں کے مواقع فراہم کرے گی:وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن)تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت آئندہ چار برسوں میں الکٹرانک کے شعبہ میں تین لاکھ ملازمتوں کے مواقع فراہم کرے گی۔انہوں نے الکٹرانک کے شعبہ پر اسمبلی میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ریاست کی تقریبا250الکٹرانک کمپنیاں 60ہزار افراد کو روزگار فراہم کررہی ہیں۔
تلنگانہ ریاست الکٹرانکس اور ریسرچ کی تیاری کی حامل ریاست سمجھی جاتی ہے ۔ریاستی حکومت نے صنعتوں کی مخصوص ضروریات کی تکمیل کے لئے الکٹرانک کی خصوصی پالیسی تیار کی ہے ۔ریاست کو الکٹرانک گاڑیوں اور اسٹوریج سسٹمس کا مرکز بنانے کے لئے حکومت نے تلنگانہ الکٹرک وہیکل اینڈ انرجی پالیسی 2020-30تیار کی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ کلسٹرڈیولپمنٹ کے حصہ کے طورپر دوالکٹرانک کلسٹرس کی تیاری کے یونٹس آوٹر رنگ روڈ کے قریب 912ایکڑ اراضی پر قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت آئندہ چاربرسوں میں 75000کروڑروپئے کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کا منصوبہ تیار کرے گی۔
الکٹرانکس مینوفیکچرنگ کی ترقی کے لئے ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ 6برسوں میں 23000کروڑ کی سرمایہ کاری ریاست میں ہوئی اور تلنگانہ کو ریاست کا درجہ ملنے سے پہلے اس شعبہ میں صرف 50ہزار ملازمتیں ہی دستیاب تھیں۔



