تلنگانہ کی خبریں

تلنگانہ میں اسکولوں کو دوبارہ بند کردیئے جانے کا امکان

 

عادل آباد

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ، ریاست میں ہائی الرٹ

حیدرآباد:(اردودنیا.اِن)ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کی صورت میں ایک مرتبہ پھر سے اسکولوں کو بند کردیا جائے گا!ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ریاست میں ہائی الرٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وزیر صحت مسٹر ایٹالہ راجندرنے دواخانوں میں بستر تیار کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

حکومت تلنگانہ کی جانب سے مہاراشٹرا میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کو دیکھتے ہوئے اس بات پر غور کیا جانے لگا ہے کہ کس طرح سے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جائے۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے ریاست میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے اس بات کا جائزہ لیا جا رہاہے کہ حکومت کو سفارشات روانہ کرتے ہوئے ضلع واری اساس پر پابندیوں میں سختی پیدا کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔

گذشتہ تین یوم کے دوران کورونا وائرس کے مریضو ں کی تعدا د میں ہونے والے بتدریج اضافہ نے محکمہ صحت کو چوکس ہونے پر مجبور کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے گہما گہمی والے علاقوں پر اور ان علاقوں پر خصوصی نظر رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جن علاقو ں سے کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی ہونے لگی ہے۔

11مارچ کو ریاست تلنگانہ میں 181 کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی کی گئی تھی جن میں 44 مریضوں کا تعلق شہر حیدرآباد سے تھا رنگاریڈی سے تعلق رکھنے والے مریضوں کی تعداد 19 رہی اور میڑچل ملکاجگری سے تعلق رکھنے والے مریضوں کی تعداد 15ریکارڈ کی گئی تھی اس کے علاوہ 10 مریضوں کا تعلق ضلع کریم نگر سے رہااور 10مریضوں کا تعلق ضلع نظام آباد سے تھا۔

12 مارچ کویہ اعداد و شمار جاری کئے گئے تھے اور 12 مارچ کو جن مریضوں کی نشاندہی ہوئی ان کی تعداد216 ریکارڈ کی گئی اور شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے مریضوں کی تعداد 52 ریکارڈ کی گئی جبکہ دوسری بڑی تعداد 19مریضوں کی ضلع رنگاریڈی سے تعلق رکھنے والوں کی رہی اس کے علاوہ 18 مریضوں کا تعلق میڈیا بلیٹن کے مطابق ملکاجگری اور میڑچل سے رہا۔

کریم نگر اور ورنگل میں علی الترتیب 11مریضوں کی نشاندہی کی گئی تھی اور یہ بلیٹن 13مارچ کو جاری کیا گیا تھا ۔14مارچ کوجاری کئے جانے والے بلیٹن میں محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 13 مارچ کو ریاست تلنگانہ میں 228 کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور شہر حیدرآباد میں 46 کورونا وائرس مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ رنگاریڈی میں 17 اور میڑچل ملکا جگری میں 15 مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔

ضلع ورنگل (اربن) ‘ نلگنڈہ ‘عادل آباد‘ نظام آباد میں ہر ضلع میں 9 مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔11مارچ کو ریاست تلنگانہ کے 33 اضلاع میں 8اضلاع میں ایک بھی کورونا وائرس کا مریض نہیں پایا گیا تھا لیکن 11مارچ کو 33 میں صرف 4اضلاع ایسے تھے جو کورونا وائرس کے مریضوں سے پاک رہے اور 13مارچ کو صرف تین اضلاع ایسے رہ گئے ہیں جہاں کورونا وائرس کے ایک بھی مریض کی نشاندہی نہیں ہوئی ان تین اضلاع میں جوگولامبا گدوال‘ جئے شنکر بھوپل پلی اور نارائن پیٹ شامل ہیں۔

ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی ہونے والی نشاندہی اور اضافہ پرمحکمہ صحت کی جانب سے کئی ایک اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ سرکاری دواخانو ں میں بستروں کو تیار کئے جانے کے ساتھ ساتھ آکسیجن سلینڈرس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے ۔

بتایاجاتا ہے کہ ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے ماسک کے لزوم میں سختی کے سلسلہ میں ریاستی حکومت سے سفارش کے علاوہ سماجی فاصلہ کی برقراری کے لئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لانے کی درخواست کی جائے گی ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button