تلنگانہ کی خبریں

تلنگانہ میں لاک ڈاؤن میں30 مئی تک توسیع ‘ چیف منسٹر کا فیصلہ

تلنگانہ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں جاری لاک ڈاؤن میں 30 مئی تک توسیع کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے ریاست میں کورونا کی صورتحال اور لاک ڈاؤن میں توسیع کے مسئلہ پر وزراء سے فون پر بات کرتے ہوئے ان کی رائے حاصل کی۔ وزراء سے مشاورت اور کورونا کے حالات کو دیکھتے ہوئے 30 مئی تک لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ۔

ریاستی وزراء اضلاع میں قیام کرتے ہوئے کورونا پر قابو پانے کے اقدامات اور عوام کو بہتر طبی خدمات کی فراہمی کی راست نگرانی کر رہے ہیں۔ لہذا چیف منسٹر نے 20 مئی کو منعقد ہونے والے کابینی اجلاس کو منسوخ کردیا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق وزراء کو ہدایت دی گئی کہ وہ ضلع نظم و نسق کے ساتھ سرکاری اور خانگی دواخانوں میں کورونا مریضوں کے بہتر علاج کو یقینی بنائیں۔

وزراء کو ہدایت دی گئی کہ دیہی علاقوں میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے پر توجہ مرکوز کریں اور ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ آکسیجن کی سربراہی کو یقینی بنائیں ۔ ذرائع کے مطابق بعص وزراء نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے اوقات میں اضافہ کے بارے میں عوامی جذبات و احساسات سے چیف منسٹر کو واقف کرایا لیکن موجودہ صورتحال میں نرمی کے اوقات کو صبح 6 تا 10 بجے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا کیونکہ نرمی میں اضافہ سے کیس میں اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔

محکمہ صحت کے ماہرین نے بھی نرمی کے اوقات میں اضافہ کی مخالفت کی ۔ کورونا کی صورتحال پر ہائی کورٹ میں یکم جون کو سماعت مقرر ہے اور کیس میں ا ضافہ کی صورت میں حکومت کو ہائیکورٹ کی برہمی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ لہذا 30 مئی تک توسیع کا فیصلہ کیا گیا ۔ گزشتہ چند دنوں سے اخبارات اور سوشیل میڈیا میں پیش قیاسی کی جارہی تھی کہ حکومت 22 مئی کے بعد نرمی کے اوقات میں توسیع کرے گی اور صرف نائیٹ کرفیو رہے گا لیکن چیف منسٹر کا فیصلہ اندازوں کے برعکس نکلا۔

واضح رہے کہ پڑوسی ریاستوں آندھراپردیش ، کرناٹک اور مہاراشٹرا میں بھی لاک ڈاؤن میں توسیع کی گئی ۔ آندھرا میں 31 مئی تک لاک ڈاؤن میں توسیع کی گئی لیکن نرمی کے اوقات وہاں صبح 6 تا دوپہر 12 بجے تک ہیں۔ واضح رہے کہ کورونا کیس میں اضافہ کے بعد کے سی آر حکومت نے 20 اپریل کو رات 9 تا صبح 6 بجے نائیٹ کرفیو نافذ کیا تھا اور 30 اپریل کو مزید توسیع دی گئی تھی لیکن تلنگانہ ہائی کورٹ کی مداخلت اور برہمی کے بعد حکومت نے جی او ایم ایس 102 جاری کرتے ہوئے 12 مئی سے 22 مئی تک لاک ڈاؤن نافذ کردیا تھا ۔

20 مئی کو کابینی اجلاس میں لاک ڈاؤن میں توسیع پر غور کیا جانا تھا لیکن آج چیف منسٹر نے 30 مئی تک توسیع کرکے کابینی اجلاس کو منسوخ کردیا ۔ ذرائع کے مطابق کورونا کیس کی رفتار میں کوئی قابل حاظ کمی نہیں ہوئی ۔ لہذا ضلع کلکٹرس اور پو لیس کمشنرس کو لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button