

تلنگانہ : (اردودنیانیوز) تلنگانہ کے متحدہ بیشتر اضلاع میں سردی کی لہر میں روز بروزاضافہ ہوتاجارہا ہے ۔ضلع عادل آباد کے ایجنسی علاقوں میں سردی کی شدید لہر کے پیش نظر لوگ اپنے گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق تلنگانہ کے ضلع وقارآباد کے مرپلی میں درجہ حرارت8ڈگری سلسیس درج کیاگیا جبکہ عادل آباد کے سونالا میں درجہ حرارت 8.3ڈگری اورسنگاریڈی ضلع کے نیالکل میں درجہ حرارت8.3ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔
صبح اور شام کے اوقات میں اچانک سردی کی لہر میں اضافہ درج کیاجارہا ہے جس سے بچنے کے لئے لوگ اپنے گھروں کے باہر الاو جلاکر آگ تاپ رہے ہیں۔درجہ حرارت معمول سے چار تا پانچ ڈگری کم درج کیاجارہا ہے ۔ریاست کے بیشتر اضلاع میں صبح 9بجے تک بھی سردی کی لہر دیکھی جارہی ہے اور شام چار بجتے ہی سردی کی لہر میں اضافہ درج کیاجارہا ہے ۔سردی میں کام کے لئے جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔ساتھ ہی چہل قدمی کرنے والے بھی صبح کے اوقات میں نظرنہیں آرہے ہیں۔عہدیداروں نے انتباہ دیا کہ متحدہ ضلع عادل آباد میں آئندہ چاردنوں تک ایسی ہی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے ۔بچوں اور ضعیف افراد کو چوکس رہنے کا مشورہ دیاگیاہے



