بین الاقوامی خبریںسرورق

تمام فرانسیسی شہری، ادارے پاکستان سے چلے جائیں:سفارتی ہدایت

اسلام آباد:(ایجنسیاں)اسلام آباد میں فرانسیسی سفارت خانے نے فرانس کے تمام شہریوں اور اداروں کو فی الحال پاکستان سے چلے جانے کی ہدایت کر دی ہے۔ یہ ہدایت پاکستان میں اسی ہفتے ہونے والے فرانس مخالف پرتشدد احتجاجی مظاہروں کے تناظر میں کی گئی ہے۔پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے جمعرات پندرہ اپریل کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق فرانسیسی سفارت خانے کی طرف سے پاکستان میں موجود فرانسیسی شہریوں اور اداروں کو بھیجی گئی ایک ای میل میں کہا گیا ہے،

پاکستان میں فرانسیسی مفادات کو لاحق شدید خطرات کے پیش نظر فرانس کے تمام شہریوں اور اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ عارضی طور پر پاکستان سے رخصت ہو جائیں۔ساتھ ہی اس ای میل میں کہا گیا ہے، (پاکستان سے) روانگی کا یہ عمل فی الوقت دستیاب معمول کی تجارتی پروازوں کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔پاکستان میں فرانس کے خلاف عوامی جذبات اس وقت سے مشتعل ہیں، جب پیرس میں صدر ایمانوئل ماکروں کی حکومت نے ایک ایسے طنزیہ فرانسیسی جریدے کے لیے حمایت کا اظہار کیا تھا، جس نے پیغمبر اسلام کے وہ متنازعہ خاکے شائع کیے تھے،

جنہیں بہت سے مسلمان ناپسندیدہ اور ہتک آمیز عمل سمجھتے ہیں۔ تب صدر ماکروں نے آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کا ذکر کرتے ہوئے اس جریدے کے ایسے خاکوں کی اشاعت کے حق کا دفاع کیا تھا۔ پاکستان میں فرانس مخالف جذبات کا عالم یہ ہے کہ ٹوئٹر پر فرانس کے خلاف ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کرتا رہا۔ فرانسیسی حکومت کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ برس کے آخر تک مقیم فرانسیسی شہریوں کی تعداد 445 کے قریب تھی اور 30 سے زائد فرانسیسی کاروباری ادارے ایسے ہیں جو پاکستان میں باقاعدہ طور پر رجسٹرڈ ہیں اور اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button