قومی خبریں

جسٹس این وی رمنا ملک کے 48 ویں چیف جسٹس مقرر

صدر رام ناتھ کووند نے دلایا حلف

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)جسٹس این وی رمنا ہفتہ کے روز ملک کے 48 ویں چیف جسٹس مقرر کیے گئے۔ صدر رام ناتھ کووند نے انہیں عہدے کا حلف دلایا۔ واضح ہوکہ جسٹس رمنا کی چیف جسٹس کی مدت ملازمت ایک سال اور چار ماہ ہوگی، وہ 26 اگست 2022 تک اس عہدے پر برقرار رہیں گے۔ قبل ازیں سابق چیف جسٹس ایس ایس بوبڈے کل 23 اپریل کو ریٹائر ہوئے تھے۔ انہوں نے جسٹس رمنا کواپنا جانشین بنانے کی سفارش کی تھی۔

جسٹس رمنا کا تعلق آندھرا پردیش کے زرعی کنبہ سے ہے۔ وہ ہندوستان کے چیف جسٹس بننے والے آندھرا پردیش کے دوسرے جج ہیں۔ اس سے پہلے 1966 سے 1967 تک جسٹس سبّا راؤ اس عہدے پر فائز رہے۔ جسٹس سبّاراؤ نویں چیف جسٹس تھے۔جسٹس این وی رامنا 27 اگست 1957 کو آندھرا پردیش کے پناورم گاؤں میں ایک کسان گھرانے میں پیدا ہوئے تھے۔

اس نے بی اے سائنس اور قانون سے مکمل کیا اور پھر دو سال تک مقامی اخبار میں بطور صحافی کام کیا۔ 10 فروری 1983 کوانہوں نے بار میں اپنا نام بطور وکیل درج کرایا۔ جسٹس رمنا اپنے خاندان میں پہلے وکیل تھے۔ وہ جون 2000 میں اے پی ہائی کورٹ کے مستقل جج کے طور پر مقرر ہوئے تھے۔ فروری 2014 میں جسٹس رمنا سپریم کورٹ کے جج بننے سے پہلے وہ دہلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تھے۔ جسٹس رمنا کی بنچ نے جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ پابندیوں کے بارے میں فیصلہ سنایا کہ انٹرنیٹ کی معطلی کا فوری طور پر جائزہ لیا جائے۔

جس کے بعد حکومت نے پابندی ختم کردی۔ جسٹس رمنا پانچ ججوں کی بنچ کا حصہ تھے جنہوں نے کہا تھا کہ چیف جسٹس آفس آر ٹی آئی کے تحت آئے گا، ان کی مدت 26 اگست 2022 تک ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button