
حیدرآباد: 23/ڈسمبر (اردودنیانیوز)شہرحیدرآباد کے کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ کالونی علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں دو افرادزخمی ہوگئے ۔یہ حادثہ چہارشنبہ کے صبح کی اولین ساعتوں میں اُس وقت پیش آیا جب کار، سڑک کے کنارے درخت سے ٹکراگئی۔اس کار میں میڈیسن کا طالب علم پرانیت اپنی ایک دوست کے ساتھ بیرامل گوڑہ سے واپس ہورہا تھا۔پرانیت اوراس لڑکی نے مادھاپور میں پارٹی میں شرکت کی اور وہ اس کے بعد گھر واپس ہورہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔حادثہ کے ساتھ ہی کار کے بیلون کھل گئے جس کے نتیجہ میں یہ دونوں شدید زخمی ہونے سے محفوظ رہے ۔اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے ان دونوں کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کردیا۔اس حادثہ میں کار کے سامنے کے حصہ کو شدید نقصان پہنچا۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا اور جانچ شروع کردی۔پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا۔پولیس نے کار چلانے والے نوجوان کا معائنہ کیا تاکہ یہ پتہ چلایاجاسکے کہ آیا اس نے حادثہ کے وقت شراب پی رکھی تھی۔پولیس نے کار کو سڑک سے ہٹادیا۔



