عنقریب آغاز ، بچوں کا دلچسپ اور تفریحی مقام
تلنگانہ: (اردودنیا.اِن)شہر میں جلد ہی موگلی جنگل بک کے طرز کے پارک کی تعمیر کو مکمل کرلیا جائے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کیتلا پور علاقہ واقع کوکٹ پلی میں 2000مربع گز پر جنگل بک ٹھیم پارک کی تعمیرکا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران اس پارک کی تکمیل عمل میں آئے گی۔ مسز وی ممتا زونل کمشنر کوکٹ پلی نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے تیار کئے جانے والے تھیم پارکس میں جنگل بک تھیم پارک کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس پارک کے تعمیری کام تیزی کے ساتھ جاری ہیں اور چند ماہ میں یہ پراجکٹ مکمل ہوگا۔ انہو ںنے بتایا اس پارک میں 15تا18 ان جانوروں کے مجسمہ تیار کئے جائیں گے جو کہ جنگل بک سیریز میں موجود تھے ۔
زونل کمشنر کے مطابق ابتداء میں اس پارک کو موگلی تھیم پارک کے نام سے موسوم کرتے ہوئے بچوں کی دلچسپی کا مرکز اور ان کے لئے تفریحی مقام کے طور پر ترقی دینے کے علاوہ موگلی کے مجسمہ کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن موگلی سیریزکے جملہ حقوق تیار کرنے والوں کے پاس محفوظ ہونے کے سبب جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے جنگل بک میں استعمال کئے جانے والے جانوروں کے مجسموں کی تیاری کے علاوہ اس سیریز میں جس طرح کا جنگل دکھایا گیا ہے اسی طرز کا ماحول تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اس تھیم پارک کو جنگل بک کے مماثل بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
پارک میں سیلفی لینے کے لئے خصوصی جگہ بنانے کے علاوہ چہل قدمی کیلئے پہنچنے والوں کے لئے 500تا600 میٹر کے واکنگ ٹریک کی تعمیرکا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تاحال اس پارک کی تعمیر کیلئے 25لاکھ روپئے جاری کئے جاچکے ہیں۔ اس پارک میں داخلہ کے لئے غار کے مماثل ماحول کی تیاری کے لئے خصوصی تعمیراتی کام انجام دیئے جائیں گے اور اس کے علاوہ پارک میں جنگل بک میں دکھائے گئے درختوں کی طرح عارضی درختوں کی تیاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔
اس پراجکٹ کی تکمیل کے بعد ہی پراجکٹ کی جملہ مالیت کے متعلق کہا جاسکتا ہے اسی لئے وہ قبل از وقت پراجکٹ کی جملہ مالیت کے متعلق کچھ نہیں کہنا چاہتی۔ پراجکٹ کی تکمیل کے بعد ہی اس کی نگرانی ‘ صفائی اور ٹکٹ کی قیمت کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔




