قومی خبریں

دو گز زمیں بھی نہ ملی کوئے یا ر میں : سابق ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر شہاب الدین ہزاروں سوگوارکی موجودگی میں سپردِ خاک

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن) جس نے تمام عمر اپنے حلقہ میں شہنشاہ کی زندگی گزاری ، اور ملک کی نفرت آمیز سیاست سے شکست نہ کھانے کا عزم کیا تھا، آخرش وہ مردِ میدان اپنے سانسوں سے ہار گیا ۔ سابق رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر محمد شہاب الدین کی کرونا سے موت کے بعد پیر کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں دہلی کے دہلی گیٹ قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا ۔ تین دن پہلے سابق ممبر پارلیمنٹ دہلی کے ایک اسپتال میں کورونا کی وجہ سے واصل بحق ہوگئے تھے ۔ڈاکٹر شہاب الدین کو کرونا پازیٹو ہونے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

واضح ہو کہ ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹرمحمد شہاب الدین کی لاش کو بہار لانے کی تمام کوششوں پر انتظامیہ نے پانی پھیردیا اور کورنا کے بہانے دہلی میں ہی سپردِ خاک کئے جانے پر اصرار کیا ۔سوگوار اہل خانہ کی جانب سے ہائی کورٹ میں شہاب الدین کی لاش دہلی سے سیوان لانے کیلئے درخواست داخل کی گئی تھی ، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد سابق ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر شہاب الدین کو دہلی قبرستان میں ہی سپردِ خاک کردیا گیا ۔

شہاب الدین کی نعش لئے جانے کے وقت کچھ دیر دین دیال اپادھیائے اسپتال میں ہل چل مچ گئی ۔ سیوان کے علاوہ دہلی اور دیگر جگہوں سے بھی حامی اسپتال میں جمع ہوگئے تھے۔ اس دوران اسپتال میں پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد بھی تعینات کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق حامی اس بات پر سخت ناراض تھے کہ شہاب الدین کی نعش لواحقین کے حوالے کیوں نہیں کی جارہی ہے۔ حامیوں کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شہاب الدین کوئی عام آدمی نہیں تھے ، بلکہ چار بار رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں ، اس لئے ان کی لاش سیوان لے جانے دیا جائے ۔

یہ بھی واضح ہو کہ مشتعل حامی مرکزی اور ریاستی حکومت کے ساتھ ساتھ جیل اور اسپتال انتظامیہ پر شہاب الدین کے سیاسی قتل کا الزام عائد کررہے ہیں۔سابق وزیر اعلی اور ہم پارٹی کے سر براہ جتن رام مانجھی نے سابق ممبر پارلیمنٹ شہاب الدین کی موت کی عدالتی تحقیقات اور ریاستی اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ ، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ٹوئٹ کرکے گزارش کی تھی،

لیکن تمام کوشش ناکام ہوئی اور ملک کی سیاست سے ہار نہ ماننے والا مردِ میدان اپنے سانسوں سے ہارکر دہلی میں آسودہ خاک ہوگیا ۔ان کے انتقال پر ملک اور ملت کی سربرآوردہ شخصیات نے گہرے رنج ا ور غم کا اظہار کیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button