نئی دہلی :(اردودنیا.اِن) دارالحکومت دہلی کے ککرولا گاؤں میں بارش نہ ہونے کی وجہ سے مشتعل ہوکر ایک ادھیڑ شخص نے دو مذہبی مقامات میں توڑ پھوڑ کی ۔ اس نے اپنا ساراغصہ بے زبان مورتیوں پر اتاردیا ۔ اس معاملے کی اطلاع ملنے کے بعد دیہی باشندگان نے نجف گڑھ مین روڈ پر احتجاج کیا۔
تفتیش کے دوران پولیس نے ملزم کو پکڑ لیا۔ پولیس کو ملزم کے پاس سے کلہاڑی بھی ملی ہے ، جو مورتی توڑنے کے لئے استعمال کیا تھا۔ دوران تفتیش ملزم مہیش نے بتایا کہ وہ بھگوان سے ناراض تھا ،کیونکہ گرمی بڑھ گئی ہے اور بارش نہیں ہو رہی ہے۔ اس نے اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایسا کیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ دن پہلے کی ایک ویڈیو ملی ہے ،جس میں ملزم قابل اعتراض حالت میں اس علاقے سے گزر رہا ہے۔ مہیش بھارت وہار کے علاقہ میں رہتا ہے۔پولیس افسر نے بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی صبح اس وقت پیش آیا ، جب دوارکا نارتھ پولیس اسٹیشن کی پولیس کو اطلاع ملی کہ ککرولہ کے علاقہ میں تین مختلف مقامات پر بنائے گئے چھوٹے چھوٹے مندروں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم نے تینوں مقامات کا دورہ کیا اور پھر جائے وقوع کے چاروں طرف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی بنیاد پر تفتیش شروع کردی۔ تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ایک شخص نے صبح 1.40 بجے کے لگ بھگ مندروں کو توڑا تھا جس کے ہاتھ میں کلہاڑی تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزم کا نام مہیش ہے۔اس نے مندر میں توڑ پھوڑ کے علاوہ گھروں کے باہر پھولوں کے برتنو ں کو بھی توڑا تھا۔



