
نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ممبئی میں کورونا کی دوسری لہر کا قہر ختم ہوتا ہوا دکھائی رہا ہے۔ ڈھائی مہینے کے بعد چوبیس گھنٹوں میں ایک ہزار سے بھی کم کیس درج ہوئے ہیں۔ بی ایم سی نے بدھ کے روز بتایا کہ ممبئی میں 953 نئے کیس اور 44 افراد کی موت ہوئی ہے ، اب مریضوں کی کل تعداد 690889 ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 14352 ہوگئی ہے۔
2 مارچ کے بعد پہلی مرتبہ ممبئی میں ایک ہزار سے کم نئے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں ، حالانکہ کورونا ٹیسٹ کی تعداد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔2 مارچ کو ممبئی میں 849 کیس سامنے آئے تھے ، جس کے بعد یومیہ کیسز چار ہندسوں میں پہنچ گیا تھا۔ 17 مئی کو ممبئی میں 1240 نئے کیسزدرج ہوئے اور 48 افراد کی موت ہوئی تھی۔تاہم کورونا ٹیسٹنگ کی تعداد میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
بی ایم سی کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پیر کی شام سے لے کر اب تک 17920 ٹیسٹ کئے گئے ، اور ٹیسٹوں کی کل تعداد 5934165 ہوگئی۔ گذشتہ ہفتے تک شہر میں روزانہ 20000 سے زیادہ نمونوں کی جانچ کی جا رہی تھی۔ممبئی میں صحت یابی کی شرح میں بھی اضافہ ہواہے۔ ممبئی میں اب فعال کیسز کی تعداد کم ہوکر 32925 پر پہنچ گئی ہے ۔شہر میںصحت یابی کی شرح اب 93 فیصد ہے۔



