نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پیر کو مسلح افواج ، دفاعی عوامی شعبے کے زیر انتظام اور دفاعی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کی طرف سے کورونا وبا کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے کی کوششوں کا جائزہ لیا۔
ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقدہ میٹنگ میں راج ناتھ سنگھ کو وزارت دفاع اور دیگر اداروں کے تحت بحران کے وقت تینوں افواج کے ذریعہ اٹھائے گئے مخصوص اقدامات سے آگاہ کیا گیا تھا۔اجلاس میں چیف آف ڈیفنس (سی ڈی ایس) جنرل وپن راوت ، آرمی چیف ایم ایم نرونے ، چیف آف نیول اسٹاف کرمبیر سنگھ ، ایئر فورس چیف آر کے ایس بھدوریا اور ڈی آر ڈی او صدر جی ستیش ریڈی بھی موجود تھے۔
وزیر دفاع کے دفتر نے ٹویٹ کیا کہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سکریٹریوں ، سی ڈی ایس ، تینوں فوجوں کے سربراہان اور وزارت کے عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں کووڈ19 کے خلاف ہندوستان کی لڑائی کی کارکردگی کاجائزہ لیاگیا۔
موجودہ بحران کے تناظر میں آرمی اور بحریہ نے کووڈ مریضوں کے علاج کے لئے متعدد ریاستوں میں اسپتال قائم کئے ہیں۔ہندوستانی فضائیہ کا کارگو طیارہ سنگاپور ، تھائی لینڈ اور متحدہ عرب امارات سے کرائیوجینک آکسیجن ٹینکروں اور دیگر ضروری ادویات لانے میں مصروف ہے۔



