جے پور:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کرونا کی دوسری لہر کی روک تھام کے لئے پہلے سے کہیں زیادہ لاک ڈاؤن کی ضرورت کو بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ مرکزی حکومت کی سطح پر ہونا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ مزدورسمیت عام لوگوں کو کم سے کم تکلیف پہنچے ، اس کا خیال رکھنا چاہیے ،اور ساتھ ہی ریاستی حکومتوں کے مابین بہتر رابطہ کاری ہونی چاہئے۔
اشوک گہلوت نے آج سوشل میڈیا کے ذریعے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب واقف ہیں کہ کرونا کی وجہ سے ملک میں صورتحال خوفناک بنتی جارہی ہے ، لیکن اس صورتحال میں کرونا کی روک تھام کے لئے پہلے سے کہیں زیادہ لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے۔ مرکزی حکومت نے اپنا فیصلہ تمام ریاستوں پر چھوڑ دیا ہے،جب کہ میری رائے ہے کہ ماضی کے تجربے کی بنیاد پر یہ فیصلہ مرکزی حکومت کی سطح پر ہونا چاہئے تھا ،
تاکہ عام لوگوں کو ، جن میں مزدور بھی شامل ہوں ، کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے اور ساتھ ہی ریاستوں کے مابین بہتر ہم آہنگی پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج تمل ناڈو ، کیرالہ ، مہاراشٹر ، ہریانہ ، کرناٹک ، دہلی سمیت متعدد ریاستیں یکے بعد دیگرے لاک ڈاؤن میں توسیع کررہی ہیں ، کئی ریاستوں میں دوسری ریاستوں کے شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد ہے۔البتہ ہم نے پیر سے ریاست میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ دیکھا جارہاہے کہ اس بار کرونادیہی علاقوں اور نوجوانوں میں تیز رفتاری سے پھیل رہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس انفیکشن پر قابو پانے کے لئے پیر سے ریاست بھر میں 15 دن تک سخت لاک ڈاؤن کا اطلاق ہوگا۔ ہم سب کا فرض ہے کہ اس لاک ڈاؤن کی مکمل پاسداری کریں ، تاکہ صوبہ کرونا سے محفوظ رہے۔



