

سابقہ 10سالہ دورحکومت کی کامیابیاں شمارکراتے ہوئے وزیراعلی ممتانے کئے کئی اہم وعدے
کولکاتہ: (اردودنیا.اِن)مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے آج ٹی ایم سی کاانتخابی منشور جاری کیا۔ وزیر اعلی نے اپنے 10 سالہ دور حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 100 دنوں کے کام میںبنگال ملک میں نمبر ون ہے۔ پوری دنیا نے ٹی ایم سی حکومت کے کاموں کی تعریف کی ہے۔ 47 لاکھ خاندانوں کو نل کے کا پانی مہیا کیا گیا ہے،
ریاست میں ڈیڑھ کروڑ لوگوں کو مفت راشن دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بے روزگاری کو کم کریں گے۔ ایک سال میں پانچ لاکھ ملازمت کے مواقع پیدا کریں گے۔ ممتا نے کہا کہ ریاست میں 10 لاکھ ایم ایس ایم ای یونٹس لگائی جائیں گی۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ’ہوم ڈلیوری‘ کی شروعات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کنیاشری، روپشری، سواستھ ساتھی منصوبوں کو جاری رکھیں گے۔ جنرل ذات کے ہر خاندان کو ہر مہینہ 500، پسماندہ ذات اورپسماندہ قبائل کے ہر خاندان کو 1000 روپے دئے جائیں گے۔
بیوہ خواتین کو مئی سے ایک ہزار روپے دئے جائیں گے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ڈوئیر سرکار یوجنا ہر سال چار ماہ جاری رہے گی۔ ریاست کے ہر خاندان کی کم سے کم آمدنی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پچھلے کچھ سالوں میں ریاست میں لوگوں کی آمدنی میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کیلئے کریڈٹ کارڈ لائے جائیں گے۔
68 لاکھ کسانوں کی مدد کی جائے گی۔ کسانوں کے لئے سالانہ مالی مدد 6 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کردئے جائیں گے۔ اعلی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو 10 لاکھ روپے خرچ کرنے کی حد کے ساتھ ایک کریڈٹ کارڈ فراہم کریں گے، صرف چار فیصد سود ادا کرنا پڑے گا۔بنگال میں ہم عام زمرے کیلئے کم سے کم سالانہ آمدنی 6000 روپے اور پسماندہ طبقات کے لئے 12000 روپے یقینی بنائیں گے۔
بنگال آواس یوجنا سے 25 لاکھ مکانات تعمیر کرنے میں مدد ملے گی۔پہاڑی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو بڑھانے کے لئے ایک ماؤنٹین ڈویلپمنٹ بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔بی جے پی پرطنزکرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی جو الٹاسیدھا کر رہی ہے،
ہم اس کے خلاف سیاسی لڑائی لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوگی سے بھوگی سب آرہے ہیں، ان کے جتنے بھی لیڈران آرہے ہیں، آنے دو،2021 کا نعرہ ہے،’کھیلا ہوبے، جیتے ہابے‘۔ کھیل 27 مارچ کو شروع ہوگا، ہر ضلع میں کھیل ہوگا، جنگل محل میں ہی بی جے پی کو پہلا دھکا لگے گا۔



