سعودی عرب: سنیما پروڈکشن کے 28 منصوبوں کیلئے 4 کروڑ ریال
الریاض : (ایجنسیاں)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فلم اتھارٹی نے فلموں کی سپورٹ کے لیے ’ضوء‘ مقابلے میں جیتنے والے 28 افراد کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے۔ رواں ماہ 20 جنوری کی شام دستخط ہونے والے اس سمجھوتے کا مقصد مملکت میں سنیما کی صنعت کے لیے 28 پڑوڈکشنز کی تیاری ہے۔ ان میں اسکرپٹ اور طویل و مختصر فلمیں شامل ہیں۔ ان منصوبوں کے لیے 4 کروڑ ریال تک کی فنڈنگ کی جائے گی۔
دستخط کی تقریب میں وزارت ثقافت کے متعدد ذمے داران، میڈیا اور صحافت سے تعلق رکھنے شخصیات اور مملکت میں فلموں کی تیاری میں دلچسپی رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔دوسری جانب سعودی عرب میں فلم اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ آل عیاف القحطانی نے ثقافتی منصوبوں کے لیے مستقل سپورٹ پر وزیر ثقافت اور فلم اتھارٹی کے مینجمنٹ بورڈ کے سربراہ شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان آل سعود کا شکریہ ادا کیا۔ ان منصوبوں میں فلموں کی سپورٹ کے لیے منعقد ہونے والا ضوء مقابلہ شامل ہے۔
یاد رہے کہ سعودی وزارت ثقافت کے زیر انتظام فلم اتھارٹی نے ضوء مقابلے کا آغاز ستمبر 2019ء میں معیارِ زندگی پروگرام کے ضمن میں کیا تھا۔ یہ پروگرام سعودی وژن 2030کی تکمیل کا حصہ ہے۔ اس مقابلے کے 5 مرحلے گزر چکے ہیں۔




