جمشید پور:4/جنوری(اردودنیانیوز)تھانہ گولموری کے تحت کیبل ٹاؤن کے قریب پیر کی صبح ایک اسکوٹی میں سوار ایک نوجوان سڑک حادثے میں ہلاک ہوگیا۔ جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی ہوگیا۔ زخمیوں کے مطابق ایک کار نے اسکی اسکوٹی کو ٹکر ماری۔ جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ بے قابو اسکوٹی سڑک کے کنارے درخت سے ٹکرا گئی جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔متوفی سرفراز خان (19) پرسوڈیہہ کے مکدم پور کا رہائشی تھا۔ اطلاع ملنے پر متوفی کے والد حیدر خان سمیت لواحقین کے دیگر افراد ایم جی ایم اسپتال پہنچ گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور اسکوٹی کو ضبط کرلیا۔ زخمی سوناری کے رہائشی وجئے کمار کو ایم جی ایم لے جایا گیا۔ والد نے بتایا – انہیں صبح 9 بجے پولیس نے واقعے کی اطلاع دی۔ جب وہ اسپتال پہنچے تو بیٹے کی لاش وہاں موجود تھی۔ والد نے بتایا- اس کا بیٹا بشٹو پور میں ڈومینوس میں کام کرتا تھا۔ اتوار کے روز اس کی نائٹ ڈیوٹی تھی۔ صبح کام ختم کرنے کے بعد وہ اپنے دوست کے ساتھ گھر آرہا تھا۔