
شرد پوار نے پی سی چاکو کو دی کیرلا میں این سی پی کی کمان، کانگریس چھوڑ کر مارچ میں تھاماتھا پارٹی کاہاتھ
ممبئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) پی سی چاکو کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی کیرلا یونٹ کا سربراہ بنایا گیا ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری پرفل پٹیل نے بدھ کے روز اس سلسلے میں ایک اعلان کیا۔ چاکو اس سال مارچ میں ہی این سی پی میں شامل ہوئے تھے۔
اس سے پہلے وہ کانگریس میں تھے۔چاکو کے نام لکھے گئے خط میں پٹیل کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ این سی پی کے قومی صدر شرد پوار نے فوری طور پر آپ کو این سی پی کی کیرلا یونٹ کا صدر مقرر کیا ہے، مجھے یقین ہے کہ آپ ریاست میں ہماری پارٹی کی ترقی کے لئے سخت محنت کریں گے۔ راجیہ سبھا ممبر پٹیل نے اس خط کی ایک کاپی ٹویٹر پر شیئر کی اور چاکو کو مبارکباد دی۔چاکونے پارٹی کے سینئر لیڈر ٹی پی پٹھا مبرم کی جگہ لی ہے جو دسمبر 2019 میں ریاستی یونٹ کے صدر تھامس چانڈی کی موت کے بعد عارضی طور پر صدر کے عہدے پر فائز تھے۔
بتادیں کہ پی سی چاکو تقریبا پانچ دہائیوں سے کانگریس پارٹی سے وابستہ تھے۔ پی سی چاکو کانگریس کے سینئر لیڈران میں سے ایک تھے، وہ کانگریس حکومت میں وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ چاکو 2009 سے 2014 تک کیرالا کے تھرسور سے رکن پارلیمنٹ رہے۔ انہوں نے کیرالا اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس چھوڑ دی۔
انہوں نے الزام لگایا تھا کہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے امیدوار کے فیصلے میںگروپ بندی غالب ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پارٹی کے امیدواروں کا انتخاب دو گروپوں نے غیر جمہوری انداز میں کیا ہے۔



