بین الاقوامی خبریں

شہزادہ فلپس کو توپوں کی سلامی، آ خری رسومات محدود کردی گئیں

لندن :(ایجنیساں)برطانوی ملکہ کے شوہر 99 سالہ شہزادہ فلپس کی موت کے ایک دن بعد انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے برطانیہ بھر میں توپوں کی سلامی دی گئی۔شہزادہ فلپس 9 اپریل کی صبح کو ونڈسر کے شاہی محل میں چل بسے تھے۔شاہی خاندان نے ان کی موت کی مزید تفصیلات بعد میں جاری کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم تاحال ان کی موت کی تفصیلی وجوہات جاری نہیں کی گئیں۔

شہزادہ فلپس کی موت پر دنیا بھر کے عالمی رہنماؤں نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا تھا جب کہ برطانیہ بھر میں سوگ کا ماحول ہے۔خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق شہزادہ فلپس کی موت کے ایک روز بعد انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے برطانیہ میں انہیں توپوں کی سلامی دی گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ آنجہانی شہزادہ فلپس کو توپوں کی سلامی دیئے جانے کا سلسلہ برطانیہ کے معیاری وقت کے مطابق صبح 11 بجے کے بعد شروع ہوا اور انہیں مختلف مقامات پر سلامی دی گئی۔

شہزادہ فلپس کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بری و بحری فوج سمیت شاہی فوج نے بھی انہیں توپوں کی سلامی دی اور ان کے لیے مشہور و تاریخی مقامات پر توپیں چلائی گئیں۔مجموعی طور شہزادہ فلپس کو 40 منٹ تک توپوں کی سلامی دی گئی اور ہر ایک منٹ میں ایک توپ چلائی گئی، یوں انہیں مجموعی طور پر 41 توپوں کی سلامی دی گئی۔شہزادہ فلپس کی موت پر انہیں ملنے والی توپوں کی سلامی انہیں ان کی ملکہ برطانیہ سے شادی کی 50 ویں سالگرہ کی سلامی سے بھی زیادہ ہے۔

دوسری جانب شاہی محل نے شہزادہ فلپس کی آخری رسومات کے حوالے سے ابتدائی معلومات جاری کرتے ہوئے رسومات کی تقریبات کو محدود رکھنے کا اعلان کیا۔شاہی محل کی ویب سائٹ پر بتایا گیا کہ کورونا کی وجہ سے شہزادہ فلپس کی آخری رسومات کو نہ صرف تبدیل کردیا گیا بلکہ انہیں محدود بھی کردیا گیا ہے اور ساتھ ہی محل نے ان کا آخری دیدار کرنے کے لیے آنے والے افراد سے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی اپیل بھی کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button