بین الاقوامی خبریں

طالبان کی پیش قدمی کی اطلاعات افغان آرمی چیف شورش زدہ صوبے لغمان پہنچ گئے

کابل؍واشنگٹن:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)طالبان اور افغان سکیورٹی فورسز کے درمیان لڑائی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔ طالبان کی پیش قدمی روکنے اور آپریشنز کی قیادت کے لیے افغان آرمی چیف جنرل محمد یاسین ضیا شورش زدہ صوبے لغمان پہنچ گئے ہیں۔ طالبان کی جانب سے جمعے کو لغمان صوبے کے ضلع دولت شاہ پر قبضے کے بعد مزید علاقوں کا کنٹرول سنبھالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اتوار کو طالبان نے کئی اہم سکیورٹی پوسٹوں پر قبضے کیے جس کے بعد وہ لغمان صوبے کے دارالحکومت مھترلام کے بالکل قریب پہنچ گئے ہیں۔لغمان صوبے کے رہائشیوں اور سکیورٹی ذرائع نے مھترلام کے بعض علاقوں اور قیدیوں کے مرکزی جیل کے قریب گھمسان کی لڑائی کی تصدیق کی ہے۔لغمان صوبے میں افغان فورسز اور طالبان کے درمیان ہونے والی لڑائی میں فریقین کے جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔

تاہم فوری طور پر اس کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبے بغلان کے کئی اضلاع میں بھی گھمسان کی لڑائی ہوئی ہے جب کہ صوبائی دارالحکومت پلِ خمری کے قریب بھی جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔افغانستان کی وزارتِ دفاع نے بھی اتوار کو تصدیق کی ہے کہ آرمی چیف محمد یاسین ضیا دیگر سیکیورٹی حکام کے ہمراہ لغمان صوبے پہنچے ہیں اور وہ طالبان کے خلاف جاری آپریشنز کی قیادت کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ طالبان اور افغان فورسز کے درمیان لڑائی میں شدت ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب امریکہ اور یورپی ملکوں کے عسکری اتحاد (نیٹو) نے یکم مئی سے افغانستان سے انخلا کا عمل جاری ہے۔یکم مئی کے بعد سے طالبان نے کئی صوبائی دارالحکومتوں پر قبضے کی دھمکیاں دی ہیں اور رپورٹس کے مطابق انہوں اب تک چار اضلاع پر قبضہ بھی کر لیا ہے۔طالبان کے قبضہ کیے جانے والے اضلاع میں سے دو افغان دارالحکومت کابل سے 70 کلو میٹر کی مسافت پر ہیں۔

افغان فورسز اور طالبان کے درمیان رواں ماہ کے آغاز سے اب تک دونوں جانب سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ افغان شہریوں کی بھی بڑی تعداد اس لڑائی کی نذر ہو چکی ہے۔فریقین نے عیدالفطر کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی کی تھی جس کے بعد ایک مرتبہ پھر لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔افغان صوبے لغمان کے جنگ زدہ ضلع دولت شاہ میں طالبان کے طویل محاصرے کے بعد سیکیورٹی فورسز علاقے سے نکل گئی ہیں جس کے بعد طالبان وہاں قابض ہو گئے۔واضح رہے کہ امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے گزشتہ ماہ امریکہ کی تاریخ کی طویل ترین جنگ کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔

ان کے حکم کے مطابق امریکہ کے لگ بھگ 2500 اور نیٹو کے تقریباً سات ہزار اہلکار 11 ستمبر تک افغانستان سے واپس اپنے ملکوں کو روانہ ہو جائیں گے۔افغانستان سے افواج کے مکمل انخلا کا بائیڈن کا اعلان گزشتہ برس فروری میں طالبان اور امریکہ کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت کیا گیا تھا۔

اس معاہدے کے تحت طالبان نے غیر ملکی افواج کو نشانہ نہ بنانے کی ضمانت دی تھی۔ تاہم امریکہ کے مکمل اصرار کے باوجود طالبان کی جانب سے حملوں میں کمی کے مطالبات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button