پنجی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)شمالی گوا کی ماپوسا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ترون تیج پال کیس میں اپنا فیصلہ ملتوی کردیا ہے۔ عدالت نے کورونا وائرس کی وجہ سے عدالت میں عملے کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے اسے موخر کردیا ہے۔ اب عدالت 19 مئی کو اپنا فیصلہ دے گی۔ دراصل ترون تیج پال تہلکہ میگزین کے چیف ایڈیٹر ہیں اور ان پر 2013 میں ایک خاتون کے ساتھ عصمت دری کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
اس خاتون نے ترون پر نومبر 2013 کو گوا کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں لفٹ کے اندر اس کے ساتھ زیادتی کا الزام لگایا تھا، جس کے بعد انہیں 30 نومبر 2013 کو گرفتار کیا گیا تھا اور بعد میں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔ کیس کی کارروائی کرتے ہوئے گوا پولیس نے فروری 2014 میں ان کے خلاف 2846 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ دائر کی تھی۔ معلومات کے مطابق 27 اپریل کو ترون کیس میں فیصلہ سنایا جانا تھا، لیکن اب اس معاملے میں 19 مئی کو فیصلہ دیا جائے گا۔
عصمت دری کے معاملے میں ملزم ترون تیج پال پر کئی دفعات لگائی گئی ہیں۔ آئی پی سی سیکشن 341 (غلط سلوک)، 342 (غلط قید)، 354 اے (جنسی زیادتی یا مجرمانہ ارادے سے حملہ)، 354 اے (جنسی طور پر ہراساں کرنا)، 354 بی (خاتون پر حملہ یا مجرمانہ طاقت کا استعمال)اور 376 (2) (کے)دفعات کے تحات مقدمہ درج ہے۔ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ19 مئی کو عدالت ترون تیج پال کیس سے متعلق فیصلہ سنانے سے پہلے دونوں فریقوں کے دلائل سن سکتی ہے اور پھر فیصلہ سنائے گی۔



