ریاض،23اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سعودی عرب کی قطیف گورنری کے شہر صفوی میں ایک گھناؤنے جرم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد زندہ جل کر جاں بحق ہوگئے۔ یہ واقعہ افطاری سے کچھ دیر قبل پیش آیا۔
پولیس کی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ یہ ایک حادثہ نہیں بلکہ بدقسمت خاندان ہی کے ایک فرد کا اقدام تھا جس نے اپنے ہی خاندان جس میں ماں، باپ، ایک نوجوان لڑکا اور لڑکی شامل ہیں کو ایک کمرے میں بند کیا اور انہیں آگ لگا دی۔
جمعرات کے روز پیش آنے والے اس المناک واقعے کے مشتبہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ وہ خود بھی آگ لگنے سے معمولی طورپر متاثر ہے تاہم پولیس کی موجودگی میں اس کا علاج کیا جا رہا ہے۔ملزم کی عمر تیس سال کے درمیان ہے اور وہ نفسیاتی عوارض کا شکار بتایا جاتا ہے۔
اس نے خاندان کے تمام افراد کو ایک کمرے میں بند کیا اور ان کی مدد کے لیے فریاد تک نہیں سنی بلکہ ان کے باہر نکلنے کے تمام راستے بند کردیئے۔ آگ میں جھلس جانے کے باعث تمام افراد کی نعشیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔



