مقبوضہ بیت المقدس:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب اور فلسطین کے ممتاز عالم دین الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ جب تک مسجد اقصیٰ پر قابض صہیونیوں کا قبضہ قائم ہے، اس وقت تک خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی ختم کرنے اور القدس اور مسجد اقصیٰ کا گھیراؤ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب نے کہا کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی ریاست کے غاصبانہ تسلط اور قبلہ اول پر یہودی آباد کاروں کے دھاووں کے روکے جانے تک امن قائم نہیں ہوسکتا۔
مسجد اقصیٰ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ الصبری نے کہا کہ میں قابض صہیونیوں پر واضح کردوں کہ وہ القدس اور مسجد اقصیٰ سرخ لکیرہیں۔ مسجد اقصیٰ صرف مسلمانوں کی ہے جس پر کسی دوسرے مذہب کی مذہبی اجارہ داری کا کوئی حق نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل سنہ 1967کی جنگ کے بعد مسلسل مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کررہا ہے۔
الشیخ عکرمہ صبری نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینی قوم سے غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہونے کا مطالبہ کیا۔انہوںنے کہا کہ فلسطینی قوم نے ہمیشہ کفار کے محاصروں کا ثابت قدمی کے ساتھ مقابلہ کرکے دشمن کو شکست فاش سے دوچار کیا۔الشیخ صبری کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پوری فلسطینی قوم اور مسلم امہ غزہ کی پٹی کے عوام کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔



