ممبئی:29/ڈسمبر(اردودنیا نیوز)لوکل ٹرینوں میں کورونا وائرس پھیلنے کے خوف سے ابھی تک عام مسافروں کو اجازت نہیں دی گئی ہے ایسے میں بیسٹ کی بسوں کے اعدادوشمار راحت پہنچانے کے ساتھ ہی انتظامیہ کو جلد یہ فیصلہ کرنے کو مجبور کر سکتے ہیں کہ لوکل میں بھی عوام کو منظوری دی جائے ۔ بیسٹ کی بسوں میں اب روزآنہ قریب ۲۴لاکھ مسافر سفر کررہے ہیں ۔لوکل ٹرینوں میں فی الحال اس سے ۹؍لاکھ کم مسافر سوار ہوتے ہیں بیسٹ کے ملازمین کا کورونا سے ریکوری ریٹ بھی ۹۷؍فیصد ہو چکا ہے ۔
بیسٹ انتظامیہ ابھی ۴۴۴۵؍بسیں چلا رہا ہے ۔ ایک بس سے اوسطاً ۱۰؍سروس چلائی جا سکتی ہے اور ایک بس میں قریب ۵۰مسافروں کو سروس دی جا رہی ہے ۔ یہ بسوں میں بیٹھنے کی صلاحیت سے زیادہ ہے اس کے باوجود ممبئی میں کورونا وائرس پھیلنے کی تعداد لگاتار کم ہو رہی ہے اس لحاظ سے ۱۲۰۰؍مسافروں کے بیٹھنے کی صلاحیت والی لوکل ٹرینوں میں بھی عام مسافروں کو اجازت دی جا سکتی ہے ۔ بیسٹ کی بسوں میں سو فیصد صلاحیت سے مسافر بیٹھائے جا رہے ہیں اور گلیارے میں بھی مسافر کھڑے رہتے ہیں ۔بھیڑ والے گھنٹوں میں کھچا کھچ بھری بیسٹ بسیں اب پہلے کی طرح عام ہو گئی ہیں ۔
بیسٹ کے رابطہ عامہ افسر منوج براڈے کے مطابق ابھی بیسٹ کی اپنی ویٹ لیز اور ایم ایس آر ٹی سی کی بسوں کو ملا کر ۴۴۴۵؍بسیں چل رہی ہیں ان میں روز قریب ۲۴؍لاکھ مسافر سفر کر رہے ہیں ۔ صبح اور شام کے بھیڑ کے گھنٹوں میں آفس جانے اور واپس آنے والوں کو بیسٹ کی بس پکڑنے کیلئے ۴۵؍سے ۶۰؍منٹ تک قطار لگاکر انتظار کرنا پڑتا ہے ۔لوکل ٹرینوں میں نان پیک آورس میں خواتین کو سفر کرنے کی اجازت دے دی گئی تھی اب عام لوگوں کو بھی لوکل میں منظوری کا انتظار ہے ۔