قومی خبریں

ممبئی :7/11ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکہ معاملہ،سماعت ایک ہفتہ کے لیئے ملتوی

7/11ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکہ معاملہ ہائی کورٹ سماعت شروع کیئے جانے کے حق میں,دفاعی وکلاء نے عدالت سے کہا کہ ملزمین کی عدالت میں موجودگی ضروری، سماعت ایک ہفتہ کے لیئے ملتوی

عدالت،کو،کی،ملزمین

ممبئی: (اردودنیا.اِن) تقریبا ً ایک سال کے طویل عرصہ کے بعد آج 7/11 ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکہ معاملے کی سماعت ممبئی ہائی کورٹ میں شروع ہوئی جس کے دوران ممبئی ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ نے فریقین کو کہا کہ وہ اس مقدمہ کی سماعت شروع کرنے کے حق میں ہیں لیکن اس کے لیئے پھانسی کی سزا یافتہ پانچوں ملزمین کا عدالت کے روبرو ہونا ضرور ی جس پر سرکاری وکیل راجا ٹھاکرے نے کہا کہ سیکورٹی کی وجہ سے ملزمین کو ناگپور سینٹرل جیل سے ممبئی منتقل نہیں کیا جارہا ہے ۔

نچلی عدالت سے پھانسی کی سزا پانے والے پانچ ملزمین کی پھانسی کی تصدیق کے لیئے ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ میں اپیل داخل کی ہے جس پر آج سماعت عمل میں آئی ۔دو رکنی بینچ کے جسٹس ایس ایس شندے اور جسٹس منیش پٹالے کو ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی)کے وکلاء ایڈوکیٹ انصار تنبولی، ایڈوکیٹ ادیتیہ مہتا، ایڈوکیٹ گورو بھوانی نے بتایا کہ اس مقدمہ کی سماعت شروع کرنے سے قبل عدالت کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ ملزمین کو عدالت میںپیش کیا جائے گا کیونکہ دوران بحث ملزمین سے وکلاء کو بار بار صلاح و مشورہ کرنا پڑے گا جو ان کی غیر موجودگی یا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ممکن نہیں ہے۔

دفاعی وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ وہ جلد ہی ملزمین کو نچلی عدالت سے ملی پھانسی اور عمر قید کی سزا کے خلاف اپیل داخل کریں گے جس پر جسٹس شندے نے کہا کہ وہ تمام اپیلوں کو یکجا کرکے سماعت کریں گے ۔جسٹس ایس ایس شندے نے سرکاری وکیل کو کہا کہ وہ ملزمین کی ناگپور سے ممبئی منتقلی کے کیا امکانات ہیں کی رپورٹ اگلے ہفتہ عدالت میں پیش کرے جس کے بعد عدالت کچھ فیصلہ کریگی۔

واضح رہے کہ خصوصی مکوکا عدالت کے جج وائی ڈی شندے نے ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکہ کا فیصلہ سناتے ہوئے پانچ ملزمین احتشام قطب الدین صدیقی، کمال انصاری ، فیصل عطاء الرحمن شیخ، آصف بشیر اور نوید حسین کو پھانسی اور 7؍ ملزمین محمد علی شیخ، سہیل شیخ، ضمیر لطیف الرحمن، ڈاکٹر تنویر، مزمل عطاء الرحمن شیخ،ماجد شفیع ، ساجد مرغوب انصاری کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جبکہ ایک ملزم شیخ عبدالواحد محمد کو باعزت بری کردیا تھا۔

مزیدخبریں

متعلقہ خبریں

Back to top button