ممبئی : آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کی جانب سے سی اے زرین بیگم کی تہنیت

ممبئی: (اردودنیا.اِن)آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن نے ملک بھر میں سی اے میں ممبرا کی زرین بیگم کو اول آنے پر فیڈریشن کے مرکزی دفتر میں ۱۶؍فروری بعد نماز مغرب جماعت کے عہدیداروں کے ہاتھوں شیلڈ اور شال اوڑھا کر اعزاز سے نوازاگیا۔
ان کی ہمت اور محنت کی ستائش کرتے ہوئے آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کے صدر اقبال میمن (آفیسر )نے کہا کہ حالات کتنے ہی سنگین کیوں نہ انسان اگر منزل پانے کا عزم لے کر اُٹھے تو اسے کامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ زرین بیگم نے اپنے حالات سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی منزل پرنگاہ جمائے رکھی،
آج کامیاب ہیں اور پورے ملک میں ان کی محنت، ہمت، عزم کی ستائش ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ زرین بیگم اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ تعلیم کے اخراج پورا کرنے کےلیے وہ پارٹ ٹائم جاب بھی کرتی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ حالات کا رونا روتے ہیں انہیں زرین بیگم سے سیکھناچاہئے اور تنگی دامانی کے شکوے کے بجائے سخت جانفشانی والے راستے کو اپناتے ہوئے اپنی منزل کو پانے کی جستجو میں لگ جاناچاہئے جبھی وہ کامیاب ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی سی اے آئی نے سی اے انٹرمیڈیٹ اولڈ کورس، نیوکورس اور سی اے فائونڈیشن امتحانات کے نتائج جاری کیے تھے۔ اس سی اے انٹرمیڈیٹ اولڈ کورس میں مہاراشٹر کے ممبرا کی رہنے والی زرین بیگم یوسف خان نے آل انڈیا رینک ون حاصل کیا ہے۔
زرین یوسف خان کا تعلق انتہائی غریب گھرانے سے ہے، انہوں نے اپنی تعلیم پٹیل اردو ہائی اسکول (میمن برادری کی مینجمنٹ میں چلنے والے اسکول ) سے حاصل کی ہے۔ ممبرا اسٹیشن کے سامنے رضوی باغ کے ایک چھوٹے سے بوسیدہ مکان میں رہنے والی محنتی طالبہ نے اپنی کامیابی سے نہ صرف قوم کی بیٹیوں کا سر فخر سے بلند کیا ہے بلکہ اس نے مہاراشٹر اور ممبرا کا نام بھی روشن کیا ہے۔



