
مہاراشٹرا فون ٹیپنگ کیس : آئی پی ایس ریشمی شکلا نے سائبر پولیس کے پاس جانے سے کیا انکار
ممبئی:(اردودنیا.اِن)مہاراشٹر فون ٹیپنگ کیس میں پوچھ گچھ کے لئے آج مہاراشٹر پولیس کی سائبر سیل نے آئی پی ایس ریشمی شکلا کو طلب کیا لیکن ریشمی شکلا نے آج سائبر سیل کو کورونا بحران کا حوالہ دیتے ہوئے ممبئی آنے سے انکارکردیا۔ریشمی شکلا نے سائبر سیل ممبئی کے اے سی پی آفس کو اپنے سمن کاجواب دیتے ہوئے لکھا کہ ان کا کام بہت سنجیدہ ہے، اس لئے ابھی وہ بحران کی گھڑی میں اپنی نوکری نہیں چھوڑ سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ شکلا نے سائبر سیل سے ایک سوال بھی پوچھا ہے کہ ان سے کیا سوالات پوچھے جانے والے ہیں اور ایف آئی آر کی کاپی بھی مانگی ہے۔راشمی شکلا نے آئی پی ایس افسران اور مہاراشٹر پولیس کے اعلی افسران کے تبادلے اور پوسٹنگ سے متعلق ایک بڑے گھوٹالے کاخلاصہ کیاتھا۔ یہ انکشاف اس وقت کیا گیا جب وہ انٹلیجنس ونگ کی کمشنر تھیں اور اس معاملے میں ریشمی شکلا نے 3 آئی پی ایس اور وزیر داخلہ کے کئی دفاتر کے افسران سمیت 3 درجن سے زائد افراد کے فون ٹیپ کئے تھے۔
اس رپورٹ کو ریشمی شکلا نے اس وقت کے ڈی جی پی سبودھ جیسوال کو دیا تھا اور جیسوال نے اس رپورٹ پر کارروائی کرنے کے لئے اس وقت کے ہوم سکریٹری سیتارام کونتھے کو بھیجا تھا۔بعد میں اسی رپورٹ کولے کر سابق وزیراعلی دیویندر فڑنویس نے شیوسینا کانگریس-این سی پی حکومت پر بڑا حملہ کیا اور آڈیو ٹیپ مرکزی وزارت داخلہ کے سکریٹری کوسونپ دی تھی۔ ممبئی پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات سائبر سیل کے حوالے کردی۔ اب سائبر سیل رشمی شکلا کو نیا سمن بھیجے گا۔



