بین الاقوامی خبریںسرورق

نائیجیرین ماہر اقتصادیات عالمی تجارتی تنظیم کی پہلی خاتون سربراہ مقرر

نائیجیرین ماہر اقتصادیات عالمی تجارتی تنظیم کی پہلی خاتون سربراہ مقرر

سربراہ
لندن: (ایجنسیاں)ئیجیریا سے تعلق رکھنے والی ماہرِ اقتصادیات این گوزی اوکونجا اویلا کو عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کی سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ یہ عہدہ سنبھالنے والی پہلی خاتون اور افریقہ سے تعلق رکھنے والی پہلی شخصیت ہیں۔چھیاسٹھ سالہ اویلا کو پیر کو ڈبلیو ٹی او کے 164 رْکن ممالک کی جانب سے عالمی تنظیم کی ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا۔

اپنی تقرری کے بعد آن لائن نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اویلا نے کہا کہ وہ عالمی تنظیم میں اصلاحات اور اسے 21 ویں صدی کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے پرجوش ہیں۔انہوں نے کہا وہ رکن ممالک کا شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے صرف خاتون یا افریقی ہونے کے ناتے نہیں بلکہ علم اور تجربے کی بنیاد پر اْن پر اعتماد کیا۔ لہٰذا وہ رکن ممالک کے ساتھ مل کر عالمی تنظیم کے لیے ضروری اصلاحات پر کام کریں گی۔اویلا نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح کرونا وبا سے بچاؤ کی ویکسین تک ہر کسی کی رسائی ممکن بنانا ہے جس کے لیے وہ ویکسین کی فراہمی کے عالمی منصوبے کو ویکس کے ساتھ مل کر غریب ممالک تک اس کی رسائی کو یقینی بنائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ویکسین کی بروقت ترسیل کے لیے دیگر ممالک میں بھی اس کی تیاری پر زور دیں گی۔اویلا کی بطور ڈبلیو ٹی او سربراہ تقرری کو کئی ماہ تک سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روکے رکھا تھا۔ جن کا موقف تھا کہ وہ دیگر امیدواروں کے مقابلے میں براہِ راست تجارت کے شعبے میں زیادہ تجربہ نہیں رکھتیں۔البتہ، بائیڈن انتظامیہ نے اْن کی نامزدگی پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا جس کے بعد اْن کی تقرری کی راہ ہموار ہوئی۔

نائیجیرین ماہراقتصادیات 25 سال تک عالمی بینک میں خدمات سرانجام دے چکی ہیں جہاں وہ غریب ممالک کی معاشی ترقی کے لیے کام کرتی رہی ہیں۔اویلا عالمی بینک میں دوسری اہم پوزیشن پر بھی فائز رہیں۔ ان کی نگرانی میں افریقہ، جنوبی ایشیا، یورپ اور وسطی ایشیا کے ممالک میں 81 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی۔سن 2012 میں انہوں نے عالمی بینک کی سربراہ بننے کی ایک ناکام مہم بھی چلائی تھی تاکہ اْس روایت کو چیلنج کیا جائے جس میں کوئی امریکی ہی عالمی بینک کا سربراہ بنتا ہے۔

اویلا نے نائجیریا کی وزیرِ خزانہ کی حیثیت سے بھی کام کیا اور 2005 میں پیرس کلب کے ساتھ معاہدے کے تحت نائجیریا کے اربوں ڈالر کے قرضے منسوخ کرائے۔اْنہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی سے معاشیات میں گریجویشن جب کہ میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے ریجنل اکنامس اور ڈویلپمنٹ میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔

کرونا وائرس کی تمام اقسام کیخلاف مؤثر ویکسین کی تیاری

متعلقہ خبریں

Back to top button