آگرہ میں ڈبل مرڈر کا سنسنی خیز واقعہ
آگرہ: (اردودنیا.اِن) اترپردیش کے آگرہ ضلع میں دوہرے قتل کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں تھانہ ’باہ‘ کے علاقہ میں ماں اور اس کی 19 سالہ بیٹی کو عاشق نے چاقو سے حملہ کرکے ہلاک کردیا۔ چیخ سن کر لڑکی کی بھابھی بچاؤ کے لئے آ ئی ، لیکن اس پر بھی جان لیوا حملہ کردیا گیا،جس میں وہ شدید زخمی ہوگئی۔
واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے زخمی خاتون کو اسپتال میں داخل کرایا ہے، اسی کے ساتھ ہی ملزم کی بھی تلاش جاری ہے۔باہ تھانے کے علاقے جرار قصبے کی رہائشی شاردا دیوی (50 سال) اتوار کی رات اپنی بیٹی کامنی (19 سال) کے ساتھ گھر میں سو رہی تھی اسی دوران گاؤں کا رہائشی گووند چاقو لے کر اس کے گھر میں آدھمکا، سب سے پہلے اس نے گھر میں سوئی ہوئی شاردادیوی پر حملہ کیا۔ اس کے بعد کامنی کو چہرے اور گردن میں چاقو سے متعدد بار وار کئے۔
گھر میں چیخیں سن کر شاردا دیوی کے بڑے بیٹے راہل کی بیوی جاگ گئی ، جب وہ بچاؤ کرنے کے لئے آئی ، تو اس نے دیکھا کہ اس کی ساس اور نند مردہ پڑی ہیں۔ ملزم نوجوان نے اس پر بھی چاقوسے حملہ بھی کردیا،آواز سن کر پڑوسی بھی آ گئے،پڑوسیوں کو دیکھ کر ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور زخمی خاتون کواسپتال میں داخل کرایا۔پولیس اہلکار فرانزک ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ ٹیم کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے ،اور چھان بین کرکے شواہد اکٹھے کرنے میں لگی ہے۔ پولیس نے دونوں لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے بھیج دیا ہے اور ٹیمیں تشکیل دے کر ملزمان کی گرفتاری کے لئے دبش دی جارہی ہیں۔ذرائع کے مطابق ملزم عاشق کا نوجوان لڑکی سے معاشقہ چل رہا تھا۔
دونوں خاندانوں کے درمیان اس معاشقہ کی وجہ سے ماضی میں لڑائی بھی ہوئی ہے ۔دو ہفتے قبل اس لڑکی کی شادی کے لئے منگنی ہوگئی۔ یہ قیاس ہے کہ پریمی اور اس کی ماں کو معاشقہ میں ناکامی کی وجہ سے عاشق نے موت کے گھاٹ اتارا ہے ۔



