
نوجوان نسل کو بنیادی اسلامی تعلیمات سے واقف کروانے کے لیے تانڈور میں تحریری مسابقہ کے انعقادکا اعلان نقد رقمی انعامات، کثیر تعداد میں حصہ لینے نوجوانوں سے اپیل،جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے ماہانہ مشاورتی اجلاس میں فیصلہ

تانڈور۔( بذریعہ ای ۔ میل ) دفتر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد،تانڈورمیں مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآبادکی زیر صدارت تنظیم کا ماہانہ مشاورتی اجلاس گزشتہ رات منعقد ہوا محمد انور کی قرآت کلام مجید مجلس کا آغاز ہوا بعد ازاں ضلعی صدرجمعیتہ علماء نے گزشتہ ماہ انجام انجام دی گئیں تنظیم کی سرگرمیوں اور خدمات کی مختصر رپورٹ پیش کی۔صدر جمعیتہ علماء ضلع وقارآباد مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی نے اس اجلاس سے اپنے خطاب میں تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کی دین سے دوری، غیر ضروری مشاغل میں انہماک، مناسب اور بنیادی دینی تعلیم و تربیت کے فقدان کے سبب نوجوانوں کی اخلاقی گراوٹ امت مسلمہ کے لیے لمحہ فکریہ ہے مولانا نے کہا کہ اگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ دین اسلام اور اس کی تعلیمات آنے والی نسلوں میں باقی رہیں تو اس کے لیے موجودہ نسل کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنا انتہائی ضروری ہے بالخصوص نوجوانوں لڑکوں اور لڑکیوں کا وہ طبقہ جو عصری تعلیم حاصل کررہا ہے وہ دین کے عقائد اور دیگر بنیادی معلومات سے بھی بے بہرا ہے اسی لیے جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے یہ فیصلہ کیا ہیکہ نوجوان نسل کو تعلیمات اسلامی کے اہم شعبہ جات (عقائد، عبادات، معاشرت، معاملات اور اخلاقیات) سے واقف کروانے کے لیے تانڈور میں ایک تحریری مسابقہ بنام "تفہیم اسلام کورس "کا انعقاد کیا جائے گا جس کے ناظم ڈاکٹر حافظ عبدالسلام نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآبادہونگے اس مسابقہ کیلئے جمعیۃ علماء کی جانب سے طلبہ کو مواد فراہم کیا جائیگا جس کا مطالعہ کرکے انہیں مسابقہ میں حصہ لینا ہوگا اور طلباء کی ذہنی استعداد کے پیش نظر اسکے لیے دو گروپ بنائے گئے ہیں گروپ۔ A(انٹر تا ڈگری کے طلباء وطالبات اور دیگر گھر بیٹھے تیاری کرکے حصہ لینے والے افراد کے لیے)گروپ B۔(آٹھویں تا دسویں جماعت کے طلباء وطالبات) کے لیے مختص کیا گیا ہے اور طلباء میں ذوق وشوق پیدا کرنے کے لیے گراں قدر انعامات بھی رکھے گئے ہیں جس کے تحت گروپ A کے مقابلہ کنندگان کیلئے انعام اول 15,000/روپئے، انعام دوم 11,000/روپئے، انعام سوم 7,000/روپئے اسی طرح گروپ۔ B کیلئے انعام اول 11,000/روپئے، انعام دوم 7,000/ روپئے اورانعام سوم کے طورپر5,000 /روپئے اس کے علاوہ ہر گروپ میں دس دس ترغیبی انعامات بھی ہوں گے اور تمام شرکاء مسابقہ کو توصیفی سند میں دی جائیگی اور طلباء کے لیے اردو اور رومن انگلش میں سے کسی ایک کا انتخاب کرکے اس مسابقہ میں حصہ لینے کی سہولت دستیاب رہیگی اور رجسٹریشن کے لیے اپنے اپنے محلہ کی مسجد کے پیش امام صاحب سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔اس اجلاس میں شریک تمام اراکین جمعیۃ کو داخلہ فارمس اور ہال ٹکٹس سپرد کردئیے گئے۔مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی ہیکہ اپنے بچوں کو اس مسابقہ میں ضرور حصہ لینے کی ترغیب دلائیں تاکہ اسی بہانے وہ دین کی تقریباً تمام ضروری اور بنیادی باتوں سے واقف ہوجائیں۔اس مشاورتی اجلاس میں جمعیۃ علماء اور دینی تعلیمی بورڈ کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جوائنٹ سیکریٹری جمعیتہ علماء ضلع وقارآباد مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی نے بتایا کہ "تفہیم اسلام کورس ” کے انعقاد کی تاریخ اور مقام کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔



