سی سی ایم بی میں کئے گئے نمونوں کی ٹسٹ رپورٹ پازیٹیو برآمد ہوئی
تلنگانہ ::(اردودنیا.اِن)ملک میں پہلی مرتبہ حیدرآباد نہرو زوالوجیکل پارک میں 8 ایشیائی شیر کورونا سے متاثر ہوگئے ۔ زو کے عہدیداروں نے 8 ایشیائی شیروں میں کورونا کی علامتیں پائی گئی ، زو کے عہدیداروں نے شیروں کے نمونے حاصل کرتے ہوئے 24 اپریل کو ٹسٹ کرانے کیلئے سی سی ایم بی کو روانہ کیا تھا جس کی آج رپورٹ برآمد ہوئی ہے جس میں 8 شیروں کو کورونا سے متاثر ہونے کی اطلاع ملی ہے جس کے بعد زو حکام فوری متحرک ہوگئے اور ان متاثرہ 8 شیروں کو آئسولیشن میں رکھا ہے ،
اس کے علاوہ انہیں ضرورت کے مطابق طبی امداد پہنچائی جارہی ہے۔ شیروں کی حالت مستحکم ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ وہ ٹھیک طرح سے غذا حاصل کر رہے ہیں ۔ نہرو زوالوجیکل پارک میں برسر خدمت ویٹنری ڈاکٹرس نے محسوس کیا تھا کہ سفاری پارک میں رکھے گئے شیروں کو بھوک نہیں لگ رہی ہے ۔ ان کی ناک سے پانی بہہ رہا ہے ۔ کھانسی کے ساتھ ان شیروں میں کورونا کی علامتیں پائی گئی تھی ۔
40 ایکر اراضی پر سفاری پارک کا علاقہ پھیلا ہوا ہے جس میں 10 سال کے 12 شیر موجود ہیں۔ ان میں 4 نر اور 4 مادہ شیر کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ ملک میں کورونا کے کیس میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر مرکزی محکمہ جنگلات و ماحولیات اور سنٹرل زو اتھاریٹی کی ہدایت پر حیدرآباد زو حکام نے 2 مئی سے نہرو زوالوجیکل پارک میں عوام کے داخلے کو روک دیا تھا۔
یہ ملک کا پہلا واقعہ ہے جس میں 8 شیر حیدرآباد میں کورونا سے متاثر ہوئے ہیں ۔ گزشتہ سال اپریل میں نیویارک کے ایک زو میں 8 شیر کورونا سے متاثر ہوئے تھے ۔ اس کے بعد ہانگ کانگ میں کتے اور بلیوں میں کورونا وائرس کی نشاندہی کی گئی تھی ۔ کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرنے پر ملک کے کئی مقامات پر اپنے پالتو جانوروں کو ماسک لگاتے ہوئے دیکھا گیا تھا ۔ تاہم ابھی تک کورونا کی علامتیں انسانوں میں نظر آئی لیکن اب یہ علامتیں جانوروں میں بھی نظر آرہی ہیں جو تشویش کا باعث بنی ہوئی ہیں۔



