ہندوستان ۔انگلینڈ ٹیسٹ سیریز:وراٹ کوہلی بن سکتے ہیں سب سے زیادہ سنچری بنانے والے کپتان
چینائ : (اردودنیا.اِن)ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز 5 فروری سے شروع ہوگی۔ اس سیریز میں ایک سنچری لگاتے ہی ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچری لگانے والے کپتان بن جائیں گے۔ ابھی اس معاملے میں ورات اور رکی پوٹنگ برابری پر ہیں۔
دونوں کے نام بطور کپتان 41-41 سنچریاں ہیں۔اپنے بین الاقوامی کیریئر میں وراٹ کوہلی نے 188 میچوں میں ٹیم انڈیا کی کپتانی کی ہے۔ اس میں انہوں نے 63.16 کی اوسط سے 11811 رنز بنائے ہیں۔ اس میں 41 سنچریاں ہیں۔ ٹیسٹ میں 20 سنچریاں اور ون ڈے میں 21 سنچریاں ہیں۔
اسی دوران رکی پونٹنگ نے 324 میچوں میں آسٹریلیائی کپتانی کی اور 45.54 کی اوسط سے 15440 رنز بنائے۔ اس میں 41 سنچریاں شامل ہیں۔ یعنی وراٹ نے پونٹنگ سے 136 میچ میںکم کپتانی کی ، پھر بھی ان کے برابر سنچری لگا چکے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں بطور کپتان سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کے معاملے میں جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ سب سے آگے ہیں۔انہوں نے 109 ٹیسٹ میچوں میں جنوبی افریقہ کی کپتانی کرتے ہوئے 25 سنچریاں بنائی ہیں۔
اس معاملے میں ورات دوسرے نمبر پر ہے۔ انہوں نے 56 ٹیسٹ میچوں کی کپتانی کرتے ہوئے 20 سنچریاں بنائی ہیں۔ رکی پونٹنگ 77 ٹیسٹ میں 19 سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ون ڈے کرکٹ میں کپتان کی حیثیت سے سب سے زیادہ سنچری کے معاملے میں وراٹ کوہلی ابھی رکی پونٹنگ سے ایک سنچری پیچھے ہیں۔
پونٹنگ نے 230 ون ڈے میچوں کی کپتانی کرتے ہوئے 22 سنچریاں بنائی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وراٹ کوہلی نے 92 ون ڈے میچوں کی کپتانی کرتے ہوئے 21 سنچریاں بنائیں ہیں۔
اے بی ڈویلیئرز 103 ون ڈے میچوں میں 13 سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔وراٹ کوہلی نے بطور کپتان انگلینڈ کے خلاف 10 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ اس میں انہوں نے چار سنچریاں بنائی ہیں۔ وراٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں بطور کپتان آسٹریلیا کے خلاف چار سنچریاں بنائی ہیں۔
بجٹ میں بھی چھائی ٹیم انڈیا،وزیر خزانہ نے کیا آسٹریلیا میں ملی تاریخی جیت کا ذکر




