
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)دہلی کے نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اروند کجریوال کو کسی بھی قیمت پر روکنا چاہتے ہیں۔لہٰذامرکزی حکومت نے این سی ٹی بل پاس کیا ہے ۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی حکومت کجریوال کے بارے میں کیاسوچ رہی ہے ۔لوگ اروند کیجریوال کو ایک متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں ، ایسے میں ان (کجریوال کو) کو روکنے کے لیے ایک بل لایا گیا ہے۔
انہوں نے کہاہے کہ پچھلے 6 سالوں میں ہم نے ایسی باتیں کیں جن کے بارے میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا ہے۔ آج دہلی میں اسکول اوراسپتال اچھے ہوگئے۔ اس سے بی جے پی ناراض ہے۔ بجلی مفت ہوگئی،پانی فری ہوگیا، بی جے پی اس سے پریشان ہے۔سسودیانے کہاہے کہ آج کوئی بھی مودی ماڈل یا بی جے پی کے بارے میں بات نہیں کررہا ہے ، جب کہ ان کی ملک بھر میں حکومت ہے ،
پھر انہوں نے تعلیم کے ماڈل کو کیوں نہیں کھڑا کیا؟ لوگوں کو پینے کاصاف پانی کیوں نہیں مل رہا ہے؟ دوسری ریاستوں میں یہ لوگ کیجریوال ماڈل کی وجہ سے خوفزدہ ہوگئے ، لہٰذاوہ یہ بل لے کر آئے ہیں۔ آج کل کجریوال ماڈل کی چاروں طرف بات کی جارہی ہے۔ سورت میں لوگوں نے کجریوال ماڈل کو قبول کرلیا ہے۔ لوگ اس انتظار میں ہیں کہ ان کے پاس کجریوال کا ماڈل کب آئے گا۔ کجریوال جنگجوہیں ۔ہم انہیں رکنے سے نہیں روکیں گے۔



