بین ریاستی خبریں

وزیر اعلیٰ یوگی نے کوویڈ 19کے مد نظر ریاست میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی

لکھنؤ:(اردودنیا.اِن) وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کوویڈ 19 کے مد نظر ریاست میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہولی سمیت دیگر تہواروں، پنچایتی انتخابات اور ملک کی مختلف ریاستوں میں کورونا انفیکشن میں اضافے کے پیش نظر اضافی احتیاط برتی جائے۔ انہوں نے کووڈ19 سے تحفظ اور علاج کے موثر بندوبست بنائے رکھنے کی بھی ہدایت دی۔وزیر اعلی آج یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ان لاک بندوبست کا جائزہ لے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کووڈ اسپتالوں میں سبھی ضروری سہولیات یقینی بنائی جائے۔ ان اسپتالوں میں وافر تعداد میں طبی اہلکار ،ادویات ، طبی آلات اور بیک اپ سمیت آکسیجن کا بہتر بندوبست ہر حالت میں دستیاب رہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کووڈ ہیلپ ڈیسک کے بندوبست کو بہترطریقہ سے چلایا جائے۔ انفراریڈ تھرمامیٹر اور پلس آکسی میٹر کا استعمال کرتے ہوئے علامت پائے جانے والے افراد کی نشاندہی کی جائے ۔

بس اسٹیشن، ریلوے اسٹیشن اور ہوائی اڈوں مسافروں کی کووڈجانچ کی جائے۔ انفیکشن پائے جانے پر ، ایسے افراد کے لئے کوارنٹین کا بندوبست کرتے ہوئے ان کے علاج کا انتظام کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یومیہ 1.50 لاکھ سے زیادہ کووڈ19 کی ٹیسٹنگ کی جائے۔ انہوں نے پوری صلاحیت سے کانٹریکٹ ٹریسنگ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کورونا پازیٹو شخص کے زیادہ سے زیادہ کانٹریکٹ کی نشاندہی کرتے ہوئے ان سے جانچ کرائی جائے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیہی اور شہری علاقوں میں مانیٹرنگ کمیٹیوں کے ذریعہ باہر سے آنے والے لوگوں کے بارے میں معلومات جمع کی جائے۔ اس سے انفیکشن پائے گئے ایسے لوگوں کو کوارنٹین کرتے ہوئے ان کے علاج کے مکمل انتظامات کرنے میں مدد ملے گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ضلع سطح پر اینٹی گریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سبھی ضلع مجسٹریٹ اور چیف میڈیکل افسران ہر روز صبح کووڈ اسپتال میں اور شام کو اینٹی گریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میںمیٹنگ کریں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کووڈ 19 سے بچاؤ کے بارے میں لوگوں کومسلسل بیدار کیا جائے۔ اس کے لئے مختلف تشہیری ذرائع کے ساتھ ساتھ پبلک ایڈریس سسٹم کو وسیع پیمانے پر استعمال کیا جائے۔

لوگوں کو ماسک کے لازمی استعمال اور سوشل ڈسٹنسنگ پرعمل کرنے کے سلسلہ میں بیدارکیا جائے۔ انہوں نے پولیس کو بھی ہدایت دی کہ وہ عوامی مقامات پر بھیڑ جمع نہ ہونے دیں۔میٹنگ میں وزیر صحت جناب جئے پرتاپ سنگھ ، وزیر مملکت برائے صحت جناب اتل گرگ ، چیف سکریٹری جناب آر کے تیواری ، زراعی پیداوار کمشنر جناب آلوک سنہا ، کمشنر انفراسٹرکچر و صنعتی ترقیات جناب سنجیو متل ، ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ جناب اونیش کمار اوستھی ، ڈائریکٹر جنرل پولیس جناب ہیتش سی اوستھی ، ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیو محترمہ رینوکا کمار ، ایڈیشنل چیف سکریٹری ایم ایس ایم ای و انفارمیشن جناب نونیت سہگل ، پرنسپل سیکریٹری طبی تعلیم جناب آلوک کمار ، سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب آلوک کمار ، ڈائریکٹر اطلاعات جناب ششر سمیت دیگر سینئرافسران موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button