ووٹوں کی گنتی کے مراکزمیں منفی کوویڈرپورٹ یاویکسین کی دونوں خوراک والوں کوہی داخلہ ملے گا
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)ملک بھر میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اس وبا کے درمیان 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہو ئے ہیں جن کی گنتی 2 مئی کو ہونی ہے۔ کرونا کے بحران کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے بدھ کے روزکہاہے کہ امیدواروں کو گنتی کے مراکز کے اندر منفی کوویڈ رپورٹ یا ویکسین کی دو خوراکوں کے بغیراجازت نہیں دی جائے گی۔ سوشل میڈیاپرخدشہ ظاہرکیاجارہاہے کہ کہیں بہارکی طرح نتائج میں مبینہ دھاندھلی تونہیں ہوگی۔
بہت سارے امیدواریاان کے نمائندے ایسے ہوں گے جنھوں نے دونوں ڈوزنہیں لیے ہوں گے۔اس سے قبل ملک میں بڑے پیمانے پر کوویڈکی نمو اورسخت عدالتی ڈانٹ کے درمیان الیکشن کمیشن نے بنگال ، تمل ناڈو ، کیرالہ ، آسام اور پڈوچیری میں حالیہ انتخابات کے نتائج پر کسی بھی جشن منانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ الیکشن کمیشن نے آج ایک نیا حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2 مئی (اتوار) کو گنتی مراکز کے باہر کسی بھی عوامی جلسے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
امیدواروں اور ان کے ایجنٹوں کو صرف منفی آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ کے بعد ہی اجازت دی جاسکتی ہے جو48 گھنٹے سے زیادہ کی نہیں ہونی چاہیے۔ووٹوں کی گنتی سے تین دن قبل ، امیدواروں کو گنتی کے ایجنٹوں کی فہرست فراہم کرنا ہوگی۔اسی دوران مغربی بنگال کی سیاسی جماعتوں نے انتخابی کمیشن کے فتح کے جلوس کو روکنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیاہے جب دو مئی کو چار ریاستوں اور ایک مرکزی علاقوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان کیاجائے گا۔
ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سوگت رائے نے کہاہے کہ کمیشن کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہیکہ ان کی پارٹی فتح کا جلوس نہیں نکالتی اور 2011 کے اسمبلی انتخابات جیتنے کے بعد سے اس نے یہ کام بند کردیا ہے۔



