
ممبئی:(اردودنیا.اِن)مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہے کہ جب ویکسین کی دستیابی نہیں ہوئی، تو پھر ہم کیسے ویکسی نیشن کریں گے۔راجیش ٹوپے نے کہا کہ ہم خرچ کرنے کو تیار ہیں ، لیکن ایسے مینوفیکچر بہت کم ہیں ، جو ویکسین کی فراہمی کے متحمل ہوں۔انہوں نے کہا کہ یکم مئی سے 18 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کی ویکسی نیشن شروع ہو رہی ہے ، لیکن اس کے لئے اندراج کروانا ہوگا اور اس کے لئے اپائنٹ منٹ بھی لینی ہوگی ۔
راجیش ٹوپے نے کہا کہ لوگوں کو سینٹر تک پہنچنے کے بجائے پہلے ہی اندراج کروانا پڑے گا۔ راجیش ٹوپے نے کہا کہ مہاراشٹرا حکومت ویکسین کی خریداری کے لئے عالمی ٹینڈر لینے کی تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا اور بھارت بائیوٹیک کی طرف سے ہمارے مطالبے کے متعلق کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ مہاراشٹر حکومت کی طرف سے 12 کروڑ ویکسین کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ راجیش ٹوپے نے کہا کہ اس کے بعد بھی ہمیں ویکسین نہیں مل رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں ہم کیسے ویکسی نیشن مہم شروع کرسکتے ہیں۔مہاراشٹرا میں 18 سے 44 سال کی عمر کے 5 کروڑ سے زیادہ افراد ہیں۔ اگر اس تناظرمیں دیکھیں،تومہاراشٹرا میں 12 کروڑ خوراک کی ضرورت ہے۔



