پال گھر: (اردودنیانیوز) مھاراشٹرا کے تھانہ ضلع کے پالگھر نامی علاقے میں ہوئی ہجومی تشدد کے دوران دو سادھوؤں اور ان کے ڈرائیور کے قتل کے معاملے میں خصوصی عدالت کی جانب سے ضمانت پانے والے چند ملزمین کی آج جیل سے رہائی عمل میں آئی جبکہ بقیہ ملزمین کی رہائی کی کارروائی جاری ہے کل عدالت نے اس معاملے میں ملوث 89 ملزمن کی ضمانت منظور کی تھی ۔
تھانہ سیشن عدالت کے خصوصی جج ایس بی بہلکر نے کل وکیل استغاثہ ستیش مانے شندے اور دفاعی وکلاء ، امرت ادھیکاری اور اتول پاٹل کے دلائل سننے کے بعد ، 89 ملزمین کو 15،000 ہزار روپے کی ضمانت پر رہا کئے جانے کے احکامات جاری کئے تھے ۔ریاستی سی آئی ڈی نے اس معاملے میں 251 افراد اور 16 کمسن بچوں کو گزشتہ برس کوویڈ – 19 وبا کے دوران جاری لاک ڈاؤن کے عروج پر ، 16 اپریل کو ملک بھر میں غم و غصہ برپا کرنے والے لینچینگ واقعے کے بعد فسادات ، قتل کی کوشش ، قتل وغیرہ کے مختلف الزامات میں گرفتار کیا تھا۔
عدالت نے ،اب تک مجموعی طور پر 176 افراد اور 11 کم سن بچوں کو ضمانت پر رہا کیاہے جبکہ 36 افراد کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا گیا۔گذشتہ ہفتہ ضمانت پر دلائل دیتے ہوئے ایڈوکیٹ ادھیکاری نے دعوی کیا کہ اگرچہ 89 ملزمان جرم کے موقع پر موجود تھے ، لیکن سانحہ کے ارتکاب میں ان کا کوئی کردار نہیں تھاعدالت نے مشروط ضمانت دیتے ہوئے کہا کہ ملزمین نے اگر ان کے خلاف شواہد کو مٹانے کی کوشش کی تو انکی ضمانتیں مسترد کر دی جائیں گی