ممبئی:(اردودنیا.اِن)ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ بدھ کے روز یہاں این آئی اے کے سامنے پیش ہوئے ہیں تاکہ صنعتکار مکیش امبانی کے گھر کے قریب ایس یو وی کے پائے جانے کے معاملے میں اپنا بیان قلمبند کرائیں۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ سنگھ صبح 9.30 بجے کار کے ذریعے جنوبی ممبئی میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے دفتر پہونچے۔
ذرائع نے بتایاہے کہ این آئی اے نے سنگھ کو معاملے میں اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا۔این آئی اے نے گذشتہ ماہ اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر ساجن واجے کو جنوبی ممبئی میں امبانی کے گھر کے قریب گاڑی کھڑی کرنے میں مبینہ کردار کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔اس نے منوش ہیرین کے قتل کے معاملے میں معطل پولیس کانسٹیبل ونائک شنڈے اور کرکٹ بکی نریش گور کو بھی گرفتار کیا تھا۔ ہیرن کی لاش 5 مارچ کو تھانہ کے ممبرا کریک سے ملی تھی۔



