نئی دہلی :(اردودنیا.اِن)دہلی میں کورونا کی چوتھی لہر جارحانہ رخ اختیار کر رہی ہے ، کورونا کیسز میں زبردست اضافہ ہورہا ہے۔ دہلی یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات بھی اس کے شکار ہوگئے ہیں ۔ دہلی یونیورسٹی کے سینٹ اسٹیفنس کالج میں 17 طلبہ اور کچھ کالج کے عملہ کورونا پوزیٹیو پائے گئے ہیں، حال ہی میں 25 طلبہ کا ایک گروپ کالج کی طرف سے ٹرپ پر ڈلہوسی گیا تھا۔
وہاں سے واپس آنے پر بہت سے طلباء اور کالج کے عملے کورونا پوزیٹیو ہوگئے ۔ فی الحال دوسرے طلبا کو گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور عملہ کو ہوم آئیسولیٹ کیا گیا ہے۔
دوسری طرف اس سارے معاملے پر کالج کی گورننگ باڈی نے اس سفر پر سوالات اٹھائے ہیں آخر اتنے مشکل وقت میں طلبہ کو ٹرپ پر کیوں لے کر گئے۔تاہم ملک کے دارالحکومت میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ فی الحال دہلی میں لاک ڈاؤن کی ضرورت نہیں ہے۔ کیجریوال دہلی کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ٹیسٹوں کی تعداد بڑھانے پر زور دیا جارہا ہے۔



