کرناٹک : ایک اسپتال میں دو گھنٹے میں 24 مریضوں کی موت ، کچھ مریض تھے کورونا پوزیٹیو
چام راج نگر:(اردودنیا.اِن)کرناٹک کے چامراج نگر کے ایک سرکاری اسپتال میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے 24 مریضوں کی موت ہوگئی۔ ان میں سے 23 افراد کورونا سے متاثر تھے جبکہ ایک مریض کسی دیگربیماری کی وجہ سے آکسیجن پر تھا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق اتوار کے روز پڑوسی ضلع میسور سے آکسیجن کی سپلائی ہوتی تھی ، یہ سپلائی کچھ وجوہات کی بناء پر نہیں ہوسکی ، جس کی وجہ سے آکسیجن کا پریشر کم ہوا اور مریض دم توڑ گئے۔
حکومت نے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اسی دوران مردہ مریضوں کے لواحقین بڑی تعداد میں اسپتال کے باہر جمع ہوگئے ہیں۔ لیکن فی الحال صورتحال قابو میں ہے۔ اسی کے ساتھ ہی اس معاملے پر سیاسی جنگ بھی شروع ہوگئی ہے۔ کانگریس کے ڈی کے شیو کمار نے ریاستی حکومت کی لاپرواہی کو اس حادثے کی وجہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں مجرمانہ غفلت کی وجہ سے 24 افراد کی موت ہوچکی ہے۔
چیف منسٹر بی ایس یدیورپا اور کرناٹک کے وزیر صحت ڈاکٹر سدھاکر سے سوال کرتے ہوئے شیو کمار نے کہا کہ وزیر اعلی اور وزیر صحت کیوں مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں کہ ریاست میں اتنی آکسیجن موجود ہے ، کیا کسی کی کوئی جواب دہی نہیں ہے۔ انہوں نے پوچھا اور کتنے لوگوں کی موت ہوگی کیونکہ ریاستی حکومت آکسیجن فراہم کرنے میں ناکام ہے۔



