
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اجتماعی عصمت دری کا واقعہ مغربی بنگال کی ایک 25 سالہ خاتون کے ساتھ منظرعام پر آیا ہے جو دہلی کے ٹکڑی بارڈر پر جاری کسانوں کے احتجاج میں شامل ہونے آئی تھی۔ متاثرہ خاتون30 اپریل کو کرونا سے انتقال کر گئی تھی اور اب اس کے والد کی ایف آئی آر درج کروانے کے بعد معاملہ سامنے آیا ہے۔ کسان خواتین کی تحریک میں شامل 6 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کیاگیاہے، جس میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔
ان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 365 ، 342 ، 354 ، 376 اور 120 بی کے تحت عصمت دری ، اغوا ، بلیک میلنگ اور یرغمال کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ہفتہ کے روز متاثرہ کی موت کے 8 دن بعد والد نے بہادر گڑھ سٹی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ،اس کے بعد معاملہ سامنے آ یا۔ کسانوں کی تحریک سے وابستہ انیل ملک ، انوپ سنگھ چناوت ، جگدیش براڑ ، انکور سانگوان ، کویتا آریا اور یوگیتا سہاگ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے منظرعام پر آنے کے بعد متحدہ کسان مورچہ کے رہنماؤں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی سخت کارروائی کی گئی اور 4 دن قبل ملزم تنظیم کسان سوشل آرمی کے خیمے اور بینرز ہٹادیئے گئے ۔ نیز اسٹیج سے اس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا تھا۔
کسان رہنما متاثرہ شخص کو انصاف فراہم کرنے کی بات کر رہے ہیں ، لیکن وہ خود اس سوال کے گھیرے میں ہیں کہ جنسی استحصال کاعلم ہونے کے باوجود ، انہوں نے پہلے پولیس کو کیوں نہیں آگاہ کیا؟ واضح ہو کہ متاثرہ خاتون کی کرونا سے موت ہوچکی ہے ۔



