قومی خبریں

کورونا بحران کے دوران جیل سے قیدیوں کی عارضی رہائی کے لیے عرضی مرکز اوردہلی حکومت سے جواب طلب

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)دہلی ہائی کورٹ نے کورونا بحران کے پیش نظر قومی دارالحکومت کی تین جیلوں میں بند معمولی جرائم میں شامل قیدیوں کی ضمانت یا پیرول پر عارضی رہائی والی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے اس بارے میںبدھ کے روز مرکز اوردہلی حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔دہلی ہائی کورٹ چیف جسٹس ڈی این پٹیل اور جسٹس جسمیت سنگھ نے وزارت قانون و صحت ، دہلی حکومت ، پولیس ، لیفٹیننٹ گورنر آفس اور جیل خانہ کے ڈائریکٹر جنرل کو نوٹس جاری کرکے اس درخواست پر اپنا مؤقف ظاہر کرنے کو کہا۔

تین وکلاء اور قانون کے طالب علم نے 4 مئی کو یہ درخواست دائر کی تھی۔درخواست گزاروں کی جانب سے پیش ہوئے وکیل اجے ورما نے عدالت کو بتایا کہ حال ہی میں تہاڑ جیل میں190 قیدی اور 304 اہلکار کورونا سے متاثر ہوئے اور یہ انفیکشن تمام جیل میں پھیل رہا ہے۔

درخواست گزاروں کا مؤقف تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب کورونا کا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے ، جیلوں میں بھیڑ کو کم کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ جیلوں میں زیادہ قیدی موجود ہیں، منڈولی اور روہنی میں کل 10026 قیدیوں کے رہنے کی گنجائش ہے جبکہ 7 اپریل تک وہاں17285 قیدی تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button