بین ریاستی خبریں

کورونا کی دوسری لہرکیلئے مودی ذمہ دار: ممتابنرجی

بالورگھاٹ:(اردودنیا.اِن)مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بدھ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ملک میں کووڈ 19 کی دوسری لہر مودی ساختہ سانحہ ہے۔یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کی صدر نے دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال کی سربراہی ’بنگال انجن‘ حکومت ہی کرے گی نہ کہ مودی کی ’ڈبل انجن‘ حکومت ۔انہوں نے کہاکہ کورونا کی دوسری لہر بہت مضبوط ہے، میں اسے مودی ساختہ سانحہ کہوں گی، نہ ہی انجکشن دستیاب ہیں نہ آکسیجن،ٹیکے اور دوائیں باہر بھیجی جارہی ہیں، جبکہ ملک میں قلت ہے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ یہ انتخاب مغربی بنگال کو بچانے اور بنگالی ماتا کی عزت بچانے کی لڑائی ہے۔انہوں نے کہاکہ بنگال انجن حکومت ہماری ریاست چلائے گی، مودی کی ڈبل انجن حکومت نہیں، ہم گجرات کو اپنی ریاست پر قبضہ کرنے اور دہلی سے حکومت کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، بنگالی ہی بنگال پر راج کرے گا۔

ترنمول کانگریس صدر نے ووٹرز سے بائیں بازو کی جماعتوں، کانگریس اور سیکولر فرنٹ آف انڈیا (آئی ایس ایف) اتحاد کو ووٹ نہ دینے کی بھی اپیل کی اور دعوی کیا کہ اس سے بی جے پی کا ہاتھ مضبوط ہوگا۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ مرکز نے سات ماہ قبل ہی کہا تھا کہ کورونا انفیکشن کم ہوگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اب بی جے پی انتخابات میں دیگر ریاستوں کے لوگوں کو لا رہی ہے اور یہاں کے لوگوں میں انفیکشن پھیلا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button