
کوچ بہار میں 4 افراد کی ہلاکت کے بعد الیکشن کمیشن نے سیتل کوچی کے بوتھ نمبر 126 میں پولنگ ملتوی کردی
نئی دہلی :(اردودنیا.اِن)الیکشن کمیشن نے ہفتہ کے روز مغربی بنگال کے سیتل کوچی اسمبلی حلقہ میں پولنگ اسٹیشن نمبر 126 پر پولنگ ملتوی کرنے کا حکم دیا۔ کمیشن کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ فیصلہ خصوصی مبصرین کی عبوری رپورٹ کی بنیاد پر لیا گیا ہے۔ خصوصی مبصرین اور ریاستی چیف انتخابی افسر سے شام 5 بجے تک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی پولیس فورس نے ہفتہ کے روز مقامی لوگوں کے حملے کے بعد ضلع کوچ بہار میں مبینہ طور پر فائرنگ کی تھی ، جس میں چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ مقامی لوگوں نے مرکزی پولیس فورس اہلکاروں کی رائفل چھیننے کی کوشش کی۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ یہ واقعہ ستیل کوچی میں اس وقت پیش آیا جس وقت پولنگ جاری تھی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک گاؤں میں مرکزی پولیس فورس اہلکاروں پر حملہ کیا گیا ، جس کے بعد انہوں نے فائرنگ کی جس کی وجہ سے چار افراد ہلاک ہوگئے۔



