تلنگانہ کی خبریں

گاندھی ہاسپٹل میں 24 گھنٹوں کے دوران 56 اموات قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں میں تدفین اور آخری رسومات کی سرگرمیوں میں زبردست اضافہ

تلنگانہ:(اردودنیا.اِن)ریاست میں کورونا کیسوں کے ساتھ اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں گاندھی ہاسپٹل میں زیر علاج کورونا کے 56 متاثرین کی موت واقع ہوئی ہے تاہم سرکاری طور پر اس کی توثیق نہیں کی گئی ہے ۔ مرنے والوں کی عمر 45 سال سے 75 سال کے درمیان ہیں ۔ گذشتہ 4 دن سے گریٹر حیدرآباد میں 800 سے زائد افراد متاثر ہو رہے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوگیا ۔ شہر کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں کورونا کی تعداد اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔

غیر سرکاری اطلاعات کے مطابق ایک گھر میں ایک فرد کے متاثر ہونے پر اندرون دو تین گھنٹے گھر کے تمام افراد متاثر ہو رہے ہیں ۔ اس طرح محلوں و بستیوں میں بڑے پیمانے پر عوام متاثر ہو رہے ہیں اور شرح اموات بھی بڑھ گئی ہے ۔ محکمہ صحت کے بلیٹن میں متاثرین اور اموات کی تعداد کم بتانے کے شکوک کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ لیکن شہر کے علاوہ اضلاع کے شمشان گھاٹوں و قبرستانوں میں آخری رسومات اور تجہیز و تدفین کی سرگرمیوں میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔

یہاں تک بھی اطلاعات مل رہی ہیں کہ قبر کھودنے والوں کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور آخری رسومات کیلئے نعشوں کو جلانے کیلئے لکڑی کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔ لکڑی کی قیمتوں میں بھی زبردست اضافہ ہوگیاہے ۔ پہلے قبرستانوں میں عام دنوں میں ایک یا دو تدفین ہوا کرتی تھی اب اس کی تعداد بڑھ کر 5 تا 10 ہوگئی ہے ۔

اس طرح شمشان گھاٹوں میں 5 تا 7 افراد کی آخری رسومات انجام دی جاتی تھی ۔ اب یہ تعداد بڑھ کر 15 تا 20 ہوتی ہے ۔ اموات کی شرح کا اس بات سے بھی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پہلے ایک گھر میں ایک موت واقع ہوتی تھی اب ایک گھر میں دو تین افراد فوت ہو رہے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button