
نئی دہلی،20؍جنوری (ایجنسی) ہندوستان میں کورونا قابو میں ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ وزارت صحت کے ذریعہ جاری کردہ معلومات کے مطابق ملک میں فعال کیسز کی تعداد 2 لاکھ سے نیچے آچکی ہے۔ 27 جون کے بعد ایسا پہلی بار ہوا ہے ۔
اسی کے ساتھ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 13823 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جس سے کورونا کے مجموعی مریضوں تعدادبڑھ کر 10595660 ہو گئے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق صحت یاب ہونے والے افراد کی کل تعداد بڑھ کر 10245741 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 162 افراد کی ہلاکت کے بعد کل اموات کی تعداد بڑھ کر 152718 ہوگئی ہے۔ کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی قومی شرح 96.69 فیصد ہے اور شرح اموات 1.44 فیصد ہے۔تقریبا 6 ماہ بعد ملک میں زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہوکر 2 لاکھ ہوگئی ہے۔ اس وقت 197201 افراد زیر علاج ہیں جو کل کیسزکا 1.86 فیصد ہے۔ واضح رہے کہ 7 اگست کو ہندوستان میں کورونا مریضوںکی تعداد 20 لاکھ ، 23 اگست کو 30 لاکھ اور 5 ستمبر کو 40 لاکھ سے تجاوز کرگئی تھی۔



