
نئی دہلی :(اردودنیا.اِن)ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر تشویشناک صورتحال میں پہنچ گیاہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں نئے کورونا کیسز کی تعداد 100000 کو عبور کر چکی ہے۔ مرکزی وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 103558 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں ، جبکہ 478 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
اس سے قبل ملک میں سب سے زیادہ نئے کورونا وائرس کے کیسز17 ستمبر 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے، اس وقت مجموعی طور پر 97894 کیسزدرج ہوئے۔ اس لحاظ سے تقریبا ساڑھے چھ ماہ کے بعد کورونا نے ہندوستان میں تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔
گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ہندوستان میں کورونا کے 103558 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جس سے ملک میں اس کی مجموعی تعداد 12589067 ہوگئی ہے۔ اس دوران 478 افراد کی موت بھی ہوچکی ہے جس سے اموات کی مجموعی تعداد 165101 ہوگئی ہے۔ ہندوستان میں اس وقت کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد سات لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے ، اور اس کی کل تعداد 741830 ہے۔



