
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)ہندوستان میں کورونا کا قہر جاری ہے، بدھ کو ایک بار پھر کورونا کے 50 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 53480 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 12149335 ہوگئی ہے۔
جن میں سے 11434301 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ وزارت کے مطابق اس وقت ملک میں 552566 فعال کیسز ہیں۔ جو کل کیسز کا 4.55 فیصد ہے۔ اس خطرناک وائرس کی وجہ سے مزید354 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جس کی وجہ مرنے والوں کی کل تعداد بڑھ کر 162468 ہوگئی ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہاراشٹرا میں سب سے زیادہ نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
مہاراشٹر میں 27918 ، چھتیس گڑھ میں 3108 ، کرناٹک میں 2975 ، کیرالہ میں 2389 اور تمل ناڈو میں 2342 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ دوسری طرف اگر ہم اموات کے اعدادوشمار کے بارے میں بات کریں تو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہاراشٹر میں 139 ، پنجاب میں 64 ، چھتیس گڑھ میں 35، کرناٹک میں 21 ،تامل ناڈو میں 16 افراد کی موت ہوئی ہے۔



