
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ابھی تک گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 3780 افراد کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں ،اس کے ساتھ ہی ہندوستان میں کورونا کی وجہ سے 226188 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اسی دوران 382315 کورونا کے نئے کیسز درج کیے گئے ہیں۔
اس وقت ملک میں 3487229 افراد زیر علاج ہیں۔ مثبت شرح کی بات کریں تو یہ 24.80فیصد ہوچکی ہے۔ واضح رہے کہ متعدد ریاستوں نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے سختی کررکھی ہے ، جبکہ کچھ ریاستوں نے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔پورے میں ملک سب سے زیادہ کورونا کیسز مہاراشٹرا سے سامنے آرہے ہیں۔ گزشتہ24 گھنٹوں میں نئے 51880 نئے کیسز درج کئے گئے ، اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی کل تعداد 48.22 لاکھ ہوگئی ہے۔
جبکہ 891 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ مہاراشٹر کے بعد سب سے زیادہ کیسز کیرالہ ، کرناٹک ، اترپردیش ، تمل ناڈو اور دہلی میں درج ہورہے ہیں۔ کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں تین لاکھ سے زیادہ فعال کیسزہیں۔ کورونا کیسز میں مسلسل اضافے کی وجہ سے شہر کے اسپتال میں بیڈ اور آکسیجن کی قلت ہے۔ کرناٹک میں 44631 نئے کیسزدرج ہوئے ہیں ا س کے ساتھ ہی کورونا کیسز کی تعداد 16.9 لاکھ ہوگئی ہے۔



